وزیر داخلہ محسن نقوی نے دارالحکومت کی تعمیراتی اور معاشی تاریخ کے ایک بڑے منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وفاقی حکومت اسلام آباد میں منہٹن اسٹائل سٹی تعمیر کرنے جا رہی ہے۔ لاہور میں منعقدہ سعودی پاک ریئل اسٹیٹ ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ یہ جدید ترین تجارتی و رہائشی شہر وزیر اعظم ہاؤس کے عقبی حصے میں ایک ہزار ایکڑ اراضی پر تیار کیا جائے گا جس کے مرکز میں ایک وسیع سینٹرل پارک اور خوبصورت جھیل بنائی جائے گی۔
انویسٹرز کے لیے آسان انوینٹری پے منٹ ماڈل
اس انقلابی منصوبے کے تحت سرمایہ کاروں کو زمین کی خریداری کے لیے پیشگی نقد ادائیگی نہیں کرنی پڑے گی بلکہ وہ اپنے پروجیکٹ کی 15 فیصد یا اس سے زائد انوینٹری (حصہ داری) حکومتی خزانے میں جمع کروا سکیں گے۔ نیلامی کے لیے ایک، تین اور چھ ایکڑ کے بڑے پلاٹس مختص کیے جائیں گے جہاں تعمیر ہونے والی کثیر المنزلہ عمارتوں کی کم از کم بلندی 600 فٹ ہونا لازمی قرار دی گئی ہے۔
ون ونڈو آپریشن اور ایشیا کا سب سے بڑا سفاری پارک
منصوبے کی شفافیت برقرار رکھنے اور این اے بی اور ایف آئی اے جیسے اداروں کے تحفظات دور کرنے کے لیے ایک 5 رکنی مانیٹرنگ کمیٹی قائم کی جائے گی۔ تمام تر این او سیز کی منظوری وزارت داخلہ کے ون ونڈو آپریشن کے ذریعے محض تین سے چار ہفتوں میں دی جائے گی اور ڈویلپرز کو دو سال کے اندر کام مکمل کرنا ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی وفاقی دارالحکومت میں 450 ایکڑ رقبے پر مشتمل ایشیا کا سب سے بڑا سفاری پارک بنانے کی بھی باقاعدہ منظوری دی گئی ہے۔






