نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن نے اپنے تمام فارغ التحصیل طلبہ اور نوجوانوں کو روزگار اور انٹرنشپ کے مواقع تلاش کرنے کے لیے پی ایم ڈیجیٹل یوتھ ہب رجسٹریشن مکمل کرنے کی تاکید کی ہے۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت قائم کردہ اس ڈیجیٹل پورٹل کا مقصد ملک بھر کے ہنر مند نوجوانوں کو اسکالرشپس، ملازمتوں اور فنی مہارتوں کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
اکاؤنٹ بنانے اور پروفائل مکمل کرنے کے مراحل
رجسٹریشن کے لیے امیدواروں کو سب سے پہلے گوگل پلے اسٹور یا ایپل ایپ اسٹور سے ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگی۔ ایپ انسٹال کرنے کے بعد سائن اپ کے آپشن پر کلک کریں اور اپنا نام، ای میل ایڈریس، شناختی کارڈ نمبر، موبائل فون نمبر اور پاس ورڈ درج کر کے اکاؤنٹ بنائیں۔ اگلے مرحلے میں آپ کو ای میل پر موصول ہونے والا ون ٹائم پاس ورڈ درج کر کے اپنے اکاؤنٹ کی تصدیق کرنا ہوگی۔
ملازمتوں کے لیے درخواست دینے کا طریقہ کار
تصدیق کے بعد صارفین کو اپنی تعلیمی اسناد، ٹیکنیکل کورسز کی ٹریننگ کی تفصیلات پروفائل میں شامل کرنا ہوں گی۔ پروفائل سو فیصد مکمل ہونے کے بعد نوجوان پورٹل پر موجود تمام فعال ملازمتوں اور انٹرنشپ کے مواقع کا جائزہ لے سکتے ہیں اور اپنی اہلیت کے مطابق براہِ راست درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔






