سعودی عرب نے پاکستانی شہریوں کے لیے ایک تاریخی سفری سہولت متعارف کراتے ہوئے اسلام آباد میں واقع اپنے سفارت خانے میں سیم ڈے یعنی ایک ہی دن میں ویزا پروسیسنگ کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ اس بڑی پیش رفت کا اعلان وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک اور پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے نئے سفیر ڈاکٹر راجح بن تامی البقامی کے درمیان ہونے والی ایک اعلیٰ سطحی ملاقات کے بعد کیا گیا، جس سے عمرہ زائرین اور کاروباری افراد کو ویزے کے حصول میں طویل انتظار سے نجات مل جائے گی۔
پٹرولیم، مائننگ اور ریفائنری اپگریڈیشن میں بڑے معاہدے
اسلام آباد میں ہونے والی اس اہم بیٹھک کے دوران دونوں ممالک نے توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں تزویراتی تعاون کو مزید وسعت دینے پر مکمل اتفاق کیا۔ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین آئل اسٹوریج (تیل کے ذخائر)، ملکی ریفائنریز کی اپگریڈیشن، توانائی کی بلا تعطل سپلائی اور معدنیات (Minerals) کی تلاش کے منصوبوں پر مشترکہ سرمایہ کاری بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے سعودی نائب وزیر برائے مائننگ خالد المدیفر کو بارہ اور تیرہ نومبر دو ہزار چھبیس کو اسلام آباد میں ہونے والے "پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم” میں شرکت کی باضابطہ دعوت بھی دی۔
پاک سعودی دفاعی الائنس اور علاقائی استحکام
ملاقات کے دوران سعودی سفیر ڈاکٹر راجح بن تامی البقامی نے واضح کیا کہ ریاض ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کی دیرینہ حمایت کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ پاک سعودی لازوال دفاعی اور اسٹریٹجک شراکت داری نہ صرف دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کی ضامن ہے بلکہ یہ مشرقِ وسطیٰ اور پورے خطے میں پائیدار امن، سلامتی اور معاشی خوشحالی کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔





