لاہور ہائیکورٹ (LHC) نے صوبائی مینجمنٹ سروس (PMS) امتحانات 2027 میں شمولیت کے لیے پی ایم ایس امتحانات کی عمر کی حد کے تعین کی آخری تاریخ (یکم جنوری 2027) کو برقرار رکھتے ہوئے کٹ آف ڈیٹ میں تبدیلی کے لیے دائر درخواست کو خارج کر دیا ہے۔ عدالتِ عالیہ میں یہ درخواست شہری جہانگیر شیر کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں استدعا کی گئی تھی کہ متعلقہ محکمے کو پی ایم ایس امتحان کے لیے عمر کی حد کی تاریخ پر نظرثانی کرنے کا حکم دیا جائے۔
عدالتی دلائل اور قانونی نکات کا جائزہ
سماعت کے دوران عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ وہ کوئی ایسا قانون یا آئینی شق پیش کریں جو عمر کی حد میں توسیع یا تاریخ کی تبدیلی کی حمایت کرتی ہو تاہم درخواست گزار کے وکیل اپنے مؤقف کے حق میں کوئی بھی قانونی حوالہ پیش کرنے میں ناکام رہے۔
اس موقع پر سرکاری لاء آفیسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ متعلقہ محکمہ اور کمیشن امتحانات کی تاریخ اور عمر کی حد کے تعین کے مکمل طور پر مجاز ہیں جسے عدالت نے تسلیم کر لیا۔ فریقین کے تفصیلی دلائل سننے کے بعد عدالت نے درخواست کو ابتدائی سماعت میں ہی ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔
امیدواروں کے لیے حتمی کٹ آف ڈیٹ کا تعین
پی ایم ایس امتحانات کی عمر کی حد پر لاہور ہائیکورٹ کے اس واضح فیصلے کے بعد پی ایم ایس 2027 میں حصہ لینے کے خواہشمند تمام امیدواروں کے لیے یکم جنوری 2027 کی تاریخ بطور حتمی کٹ آف ڈیٹ لاک ہو گئی ہے اور اب عمر کا حساب اسی تاریخ کے مطابق کیا جائے گا۔






