وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے تجربے اور تکنیکی مہارت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاک ترکیہ توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ اسلام آباد میں ترکیہ کے وزیر برائے توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بیرکتار (Alparslan Bayraktar) اور ان کے وفد کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد، اخوت اور مشترکہ مفادات پر مبنی تاریخی تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے سمندری حدود میں تیل و گیس کی تلاش کے منصوبے میں بھرپور تعاون کرنے اور تحقیقی جہاز "اوروچ رئیس” (Oruc Reis) پاکستان بھیجنے پر ترک صدر رجب طیب اردوان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
سمندری حدود میں تیل و گیس کی تلاش اور ترک وزیر کا عزم
وزیراعظم شہباز شریف نے معدنیات اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں بھی دوطرفہ شراکت داری بڑھانے پر زور دیا۔ ترک وزیر توانائی الپ ارسلان بیرکتار نے گرمجوشی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے جہاز ‘اوروچ رئیس’ کی آمد کو نئے دور کا آغاز قرار دیا اور سندھ و مکران کے سمندری علاقوں میں دو ماہ تک 3-D سیسمک سروے کے ذریعے تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کا ڈیٹا جمع کرنے کے عزم کا اظہار کیا تاکہ مستقبل میں ڈرلنگ کے امکانات کا تعین کیا جا سکے۔






