حکومتِ پاکستان نے عوامی سہولت اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ڈیجیٹل سروسز اپگریڈ پاکستان کے تحت 10 اہم ترین عوامی خدمات کو شارٹ لسٹ کر لیا ہے۔ 78 ملین ڈالر کے خطیر بجٹ سے شروع ہونے والے ڈیجیٹل اکانومی انہانسمنٹ پروجیکٹ (DEEP) کے تحت شہریوں کے لیے ایک پائلٹ پورٹل کا کامیاب تجربہ بھی مکمل کر لیا گیا ہے تاکہ دفتری نظام کو پیپر لیس بنایا جا سکے۔
نادرا اور این آئی ٹی بی کی مشترکہ نگرانی
اس بڑے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (NITB) اور نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (NADRA) مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔ اس سسٹم کے تحت سنگل سائن آن (SSO) اور نیشنل ڈیٹا ایکسچینج لیئر کو آپس میں جوڑا گیا ہے جس سے مختلف سرکاری محکمے محفوظ طریقے سے ڈیٹا کا تبادلہ کر سکیں گے اور شہریوں کو بار بار ایک ہی معلومات فراہم کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
پاک ایپ اور ڈیجیٹل دستاویزات کا تحفظ
حکومت کی جانب سے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے لیے پاک ایپ (Pak App) لانچ کر دی گئی ہے جس میں شہریوں کے شناختی کارڈ (CNIC)، نائکوپ (NICOP)، اور پاکستان اوریجن کارڈ (POC) سمیت 6 اہم ترین دستاویزات کو ڈیجیٹل والٹ میں محفوظ کیا گیا ہے۔ عالمی بینک کے تعاون سے جاری اس منصوبے کا مقصد سرکاری محکموں میں تاخیر کو ختم کرنا، کرپشن کا خاتمہ کرنا اور عوام کو گھر بیٹھے ون ونڈو آپریشن کے ذریعے تمام خدمات فراہم کرنا ہے۔






