قطر نے پاکستانی پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ایک شاندار سفری سہولت متعارف کراتے ہوئے ایئرپورٹ پر بالکل مفت 30 روزہ ویزا آن ارائیول (Visa on Arrival) دینے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ قطر کی وزارتِ داخلہ کے مطابق یہ خصوصی سہولت پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت اور تھائی لینڈ کے شہریوں کے لیے بھی دستیاب ہوگی جس کے تحت مسافر دوحہ پہنچنے پر بنا کسی ویزا فیس کے ملک میں داخل ہو سکیں گے۔
ویزا آن ارائیول حاصل کرنے کے لیے 4 لازمی شرائط
قطر حکومت نے اس مفت سفری سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے چار بنیادی اور لازمی شرائط مقرر کی ہیں جن پر پورا اترنا ہر مسافر کے لیے ضروری ہے۔ سب سے پہلے مسافر کا پاسپورٹ کم از کم تین ماہ کے لیے کارآمد (Valid) ہونا چاہیے۔ دوسرا سائل کے پاس واپسی کا کنفرم فلائٹ ٹکٹ ہونا لازمی ہے۔ تیسرا مسافر نے قطر کی منظور شدہ انشورنس کمپنی سے ہیلتھ انشورنس پالیسی حاصل کر رکھی ہو۔
ہوٹل بکنگ کا طریقہ کار اور ویزا کی مدت
سب سے اہم شرط یہ ہے کہ مسافر کے پاس ہوٹل کی کنفرم بکنگ ہونی چاہیے جو صرف اور صرف قطر کی آفیشل ویب سائٹ "ڈسکور قطر” (Discover Qatar) کے ذریعے کی گئی ہو۔ کسی بھی دوسری پرائیویٹ ویب سائٹ یا تھرڈ پارٹی ایپ کے ذریعے کی گئی بکنگ قابلِ قبول نہیں ہوگی اور ایسے مسافروں کو ایئرپورٹ سے داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ویزا کی حتمی مدت کا تعین مسافر کی اسی ہوٹل بکنگ کے دنوں کے مطابق کیا جائے گا جس کی زیادہ سے زیادہ حد تیس دن ہوگی۔






