بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں جاری بلائنڈ ٹی 20 ایشیا کپ 2026 (T20 Asia Cup for the Blind) میں آج روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ بلائنڈ ٹی 20 ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرا شائقینِ کرکٹ کے لیے غیر معمولی جوش و خروش کا باعث بنا ہوا ہے جہاں دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ میں اپنی برتری ثابت کرنے کے لیے میدان میں اتریں گی۔
سری لنکا کے خلاف 10 وکٹوں کی شاندار فتح کے بعد قومی ٹیم کے حوصلے بلند
پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم انتہائی شاندار فارم میں ہے اور اس کے حوصلے بے حد بلند ہیں۔ گزشتہ روز ڈھاکہ کے اسی گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں گرین شرٹس نے یکطرفہ مقابلے کے بعد سری لنکا کو 10 وکٹوں سے عبرتناک شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی دھاک بٹھا دی تھی۔ پاکستانی بیٹرز اور بولرز کی غیر معمولی کارکردگی نے ثابت کیا کہ قومی ٹیم اس ایونٹ کی مضبوط ترین دعویدار ہے۔
روایتی حریفوں کے درمیان سنسنی خیز مقابلے کی توقع
بلائنڈ ٹی 20 ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرا ہمیشہ سے اعصاب شکن اور سنسنی خیز رہا ہے۔ پاکستان ٹیم کی انتظامیہ اور کھلاڑیوں نے اس اہم میچ کے لیے بھرپور پریکٹس کی ہے اور وہ اپنی جیت کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے بھارت کو زیر کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ کرکٹ شائقین کی نظریں آج ڈھاکہ میں ہونے والے اس بڑے مقابلے پر جمی ہوئی ہیں جہاں گرین شرٹس ایک اور تاریخی فتح سمیٹنے کے لیے تیار ہیں۔






