ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) نے پاکستان بھر کی جامعات کے انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ کو چین میں منعقد ہونے والے 19ویں چائنا برفانی مجسمہ سازی مقابلہ (ICSSC 2027) میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی ہے۔ یہ عالمی مقابلہ ہاربن انجینئرنگ یونیورسٹی، چین میں تین جنوری سے آٹھ جنوری دو ہزار ستائیس تک منعقد ہوگا جہاں دنیا بھر سے نوجوان اپنی تخلیقی اور فنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے۔
مقابلے میں شرکت کے لیے اہلیت کا معیار اور قوانین
اس بین الاقوامی ایونٹ میں طلبہ انفرادی طور پر حصہ لینے کے اہل نہیں ہیں بلکہ انہیں اپنی یونیورسٹی کے ذریعے ہی اپلائی کرنا ہوگا۔ ہر یونیورسٹی صرف ایک ٹیم نامزد کر سکتی ہے جو زیادہ سے زیادہ چار طلبہ اور ایک اساتذہ یا مشیر پر مشتمل ہوگی۔ اس مقابلے کو دو کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلی پروفیشنل کیٹیگری ہے جس میں طلبہ تمام بڑے انعامات کے لیے مقابلہ کر سکتے ہیں، جبکہ دوسری امیچور کیٹیگری ہے جس میں صرف ایکسی لینٹ ایوارڈ دیا جائے گا۔
درخواست جمع کرانے کا طریقہ کار اور لازمی دستاویزات
خواہش مند جامعات کو چھ نومبر دو ہزار چھبیس تک اپنے تمام مطلوبہ دستاویزات الیکٹرانک طریقے سے ای میل ([email protected]) پر جمع کرانے ہوں گے۔ درخواست کے ساتھ ٹیم انٹری فارم، اے فور سائز پر تیار کردہ مجسمے کا خاکہ یا ماڈل کی تصاویر، دو سو الفاظ پر مشتمل ڈیزائن کی تفصیل، یونیورسٹی کا آفیشل لوگو، فیکلٹی کے ساتھ ٹیم کی تصویر اور تمام شرکاء کے پاسپورٹ کی اسکین کاپیاں منسلک کرنا لازمی ہے۔ ان تمام ڈیزائنز کا اصل اور نقل سے پاک ہونا لازمی شرط ہے۔
مالیاتی انتظامات اور ایچ ای سی کی اہم وضاحت
اس مقابلے میں شرکت کے لیے منتظمین کی جانب سے کوئی انٹری فیس چارج نہیں کی جائے گی۔ چین کی ہاربن انجینئرنگ یونیورسٹی منتخب ہونے والی ٹیموں کو رہائش (اسٹوڈنٹ ڈورمیٹری) اور جزوی طور پر کھانے کی سہولیات فراہم کرے گی۔ تاہم، پاکستان سے چین جانے اور واپسی کے تمام سفری اخراجات اور دیگر اضافی اخراجات ٹیموں کو خود برداشت کرنا ہوں گے۔ ایچ ای سی نے واضح کیا ہے کہ وہ صرف اس موقع کی تشہیر کر رہا ہے اور اس حوالے سے کمیشن کسی بھی قسم کی مالی معاونت فراہم نہیں کرے گا۔





