اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت منعقد ہونے والا ای سی او وزرائے خارجہ کونسل اجلاس (30واں اجلاس) ایک جامع اور تاریخی اسلام آباد اعلامیے (Islamabad Communiqué) کے اجراء کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ اجلاس میں اقتصادي تعاون تنظیم (ECO) کے رکن ممالک نے علاقائی تعاون کو مزید مستحکم کرنے، معاشی روابط کو فروغ دینے اور پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا جس میں خطے کے امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
علاقائی کشیدگی کے خاتمے اور پاکستان کی ثالثی کوششوں کی ستائش
اعلامیے میں خطے کی مشکل جغرافیائی و سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تحمل، مذاکرات اور سفارتی رابطوں کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ کونسل نے ای سی او کے بانی رکن کی حیثیت سے ایران کے اہم کردار اور تنظیم کی ترقی میں اس کی خدمات کو سراہا۔
ای سی او وزرائے خارجہ کونسل اجلاس میں حالیہ ایران امریکہ کشیدگی کے دوران کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی مسلسل اور تعمیری سفارتی حمایت اور ثالثی کی کوششوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ رکن ممالک نے تنازع کے باوقار حل اور جاری جنگ کے مستقل خاتمے کے لیے پاکستان اور قطر کی ثالثی کاوشوں سمیت ایران کی جانب سے پیش کیے گئے حالیہ اقدام کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔
تجارت، ٹرانزٹ ٹرانسپورٹ اور معدنیات کے شعبوں میں بڑے فیصلے
اجلاس کے اختتام پر جاری کردہ اسلام آباد اعلامیے میں معاشی ترقی اور علاقائی انضمام کے لیے درج ذیل اہم فیصلوں پر اتفاق کیا گیا:
سرمایہ کاری اور ای کامرس کا فروغ: رکن ممالک نے براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (FDI) کو راغب کرنے، فری اکنامک زونز بنانے، مشترکہ صنعتی منصوبوں، چھوٹے کاروباروں (SMEs) کی سرپرستی اور ای کامرس کو ترقی دینے کے لیے مشترکہ اقدامات پر زور دیا۔
تجارتی و ٹرانسپورٹ معاہدے: ای سی او ٹریڈ فیسیلیٹیشن ایگریمنٹ کو جلد حتمی شکل دینے اور علاقائی تجارت کے فروغ کے لیے "ای سی او ٹرانزٹ ٹرانسپورٹ فریم ورک ایگریمنٹ” (TTFA) پر مکمل عمل درآمد کی ہدایت کی گئی۔
معدنیات کا پانچ سالہ روڈ میپ: جدید ٹیکنالوجی کے لیے ضروری قیمتی معدنیات سمیت معدنی شعبے میں تعاون کے لیے ای سی او پانچ سالہ روڈ میپ (2026-2030) کی منظوری کا خیرمقدم کیا گیا۔
صاف توانائی اور اے آئی : باکو میں ای سی او کلین انرجی سینٹر کے فعال ہونے کو سراہا گیا جبکہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں باہمی تجربات کے تبادلے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ عالمی امن و استحکام کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی اور ثقافتی رواداری کو فروغ دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، اور تمام رکن ممالک ای سی او معاہدوں پر اجتماعی عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔






