پاکستان نے ڈیجیٹل فنانس کے شعبے میں ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو ایکسچینج بائنانس کے بانی چینگ پینگ ژاؤ کو پاکستان کرپٹو کونسل کا اسٹریٹیجک مشیر مقرر کر دیا ہے۔ یہ اعلان پیر کے روز وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کیا گیا ہے جس میں ژاؤ کی تقرری کو پاکستان میں ڈیجیٹل اور بلاک چین معیشت کی ترقی کےلیے ایک انقلابی قدم قرار دیا گیاہے۔
پاکستان کرپٹو کونسل کو گزشتہ ماہ باقاعدہ طور پر قائم کیا گیا تھا۔ اس کا مقصد ملک میں بلاک چین ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل اثاثوں کو مالیاتی نظام میں مؤثر طریقے سے شامل کرنا ہے۔ اس سے قبل فروری میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور ایک غیر ملکی وفد کے درمیان ملاقات کے بعد یہ عندیہ دیا گیا تھا کہ حکومت ایک نیشنل کرپٹو کونسل کے قیام پر غور کر رہی ہے تاکہ پاکستان بھی دنیا کے بدلتے ہوئے مالیاتی رجحانات کے ساتھ ہم آہنگ ہو سکے۔
مارچ میں معروف پاکستانی کاروباری شخصیت بلال بن ثاقب کو وزیر خزانہ کا چیف ایڈوائزر مقرر کیا گیا تھا۔
پریس ریلیز کے مطابق سی زیڈ نے اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر خزانہ کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں بھی کیں۔ اس موقع پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا، "یہ پاکستان کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔ ہم دنیا کو واضح پیغام دے رہے ہیں کہ پاکستان جدت کے لیے تیار ہے۔”
پی سی سی کے سی ای او بلال بن ثاقب نے بھی اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا، "پاکستان مالیاتی مستقبل کے لیے اپنے دروازے کھول رہا ہے اور اس سفر کی رہنمائی کے لیے ژاؤ سے بہتر اور کوئی نہیں ہو سکتا جنہوں نے دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو ایکسچینج قائم کی اور مالی آزادی کا تصور بدل کر رکھ دیا۔”
ژاؤ نے کہا کہ "پاکستان کی آبادی 24 کروڑ ہے جن میں سے 60 فیصد نوجوان ہیں۔ ان میں بے پناہ صلاحیت ہے۔”
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کرپٹو کونسل کا قیام، مقصد اور کام کرنے کا طریقہ