نئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی پاکستان کے 30ویں چیف جسٹس کے طور پر تعیناتی ہوئی ہے جس کے بعد ان کے تعارف کو جاننے کی خواہش فطرتی ہے۔ جسٹس یحیی آفریدی 23 جنوری 1965 کو ڈیرہ اسماعیل خان میں پیدا ہوئے اور ان کا تعلق کوہاٹ کے آدم خیل قبیلے سے ہے۔ ابتدائی تعلیم ایچی سن کالج لاہور سے حاصل کی اور پھر گورنمنٹ کالج لاہور سے پولیٹیکل سائنس اور اکنامکس میں بیچلر کیا۔ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے ماسٹرز مکمل کرنے کے بعد کیمبرج یونیورسٹی سے ایل ایل ایم کی ڈگری بھی حاصل کی۔
قانونی کیریئر کے آغاز میں، جسٹس یحیی آفریدی نے 1990 میں پشاور ہائیکورٹ میں بطور وکیل رجسٹر کیا اور 2004 میں سپریم کورٹ میں بطور وکیل داخلہ لیا۔ ان کی قانونی مہارت اور تجربے نے انہیں 2010 میں پشاور ہائیکورٹ کے جج کے طور پر منتخب کیا اور 2016 میں وہ اسی عدالت کے چیف جسٹس بن گئے جہاں انہوں نے قبائلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے پہلے چیف جسٹس ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ 2018 میں انہیں سپریم کورٹ آف پاکستان میں بطور جج مقرر کیا گیا جہاں انہوں نے کئی اہم کیسز میں فیصلے سنائے۔
جسٹس یحیی آفریدی کی قانونی مہارت کے ساتھ ساتھ تعلیمی شعبے میں بھی ان کی خدمات قابلِ ذکر ہیں۔ وہ پشاور یونیورسٹی کے خیبر لا کالج میں انٹرنیشنل لاء، لیبر لاء، اور ایڈمنسٹریٹو لاء کے لیکچرار کے طور پر بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔
ان کی حالیہ تعیناتی صدرِ پاکستان کی جانب سے آئین کے آرٹیکلز 175-A، 177، اور 179 کے تحت عمل میں آئی ہے اور وہ 26 اکتوبر کو بطور چیف جسٹس آف پاکستان حلف اٹھائیں گے۔ ان کی تقرری سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی ریٹائرمنٹ کے بعد ہوئی ہے۔