پاکستان کی مہنگائی کی ماری عوام کے لئے حکومت نے ایک اوربری خبر کا اعلان کردیا ہے۔ پاکستان ریلویز نے کرایوں میں ایک ماہ کے اندر دوسری بار اضافہ کر دیا ہےجس کی وجہ سے مہنگائی کے ستائے عوام کا ٹرین پر بھی سفر کر پانا اب اور بھی مشکل ہو گیا ہے ۔
حکومت نے ایک مہینے میں پیٹرول کی قیمت میں 26.02 روپے فی لیٹرتک کا اضافہ کر کے سفری اخراجات آسمان پر پہنچا دیئے ہیں جبکہ سستی اور عوامی سواری جانی جانے والی ٹرین بھی اب اس اضافے کے بعد عوام کی پہنچ سے دور ہوگئی ہے۔ پی او ایل کی قیمتوں میں اضافے کے آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری و ساری ہے، کیونکہ اب پاکستان ریلوے (پی آر) نے مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں 5 فیصد تک اضافہ کر دیا ہے۔15 اگست 2024 کے بعد مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں یہ دوسرا اضافہ ہے۔ اگست میں کرایوں میں 10 فیصد کا اضافہ کیا تھا۔ یہ ایک مہینے میں ٹرین کے کرایوں میں ہونے والا دوسرا بڑا اضافہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں | محققین نے نیند سے متعلق نوجوانوں کے لیے نئی امید پیدا دی
اس وقت پی آر نے کرایوں میں اضافے کی وجہ نہیں بتائی تھی تاہم لوگوں کا ماننا ہے کہ کرایوں میں حالیہ اضافے کی بنیادی وجہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ ہے۔ پی آر کے مطابق کرایوں میں اضافے کا اطلاق 19 ستمبر سے ہوگا جس کے لیے پی آر کی طرف سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جبکہ ایڈوانس ریزرویشن پر بھی کرایوں میں اضافہ کے نفاذ کی ہدایات جاری کردی گئیں ہیں۔ اس کے علاوہ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کو بھی ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں کہ وہ پاکستان ریلوے کی ویب سائٹ پر کرایہ نامہ جاری کریں۔