بلوچستان حکومت نے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے بولان میڈیکل کمپلیکس اور سول اسپتال (سینڈمن صوبائی اسپتال) کو نادرا کے ساتھ منسلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ پیدائش اور اموات کے سرٹیفکیٹس کی رجسٹریشن آن لائن کی جا سکے۔ اس بات کا اعلان منگل کے روز لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کے سیکرٹری عبدالروف بلوچ نے کیاہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ نادرا کے تعاون سے پیدائش اور اموات کے سرٹیفکیٹس کا نظام پہلے ہی مکمل طور پر ڈیجیٹل ہو چکا ہے اور اب اس عمل کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ صوبے میں سول رجسٹریشن مینجمنٹ سسٹم کو مضبوط بنایا جا سکے۔
اس حوالے سے ایک اجلاس بھی منعقد ہوا ہے جس میں ہیلتھ سیکرٹری مجیب الرحمن پنیزئی لوکل گورنمنٹ بورڈ کے سیکرٹری شجاعت حسین، نادرا بلوچستان کے ڈی جی نوید جان صاحبزادہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، بلوچستان ہیلتھ کارڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد ولی اور نادرا و محکمہ صحت کے دیگر افسران نے شرکت کی ہے۔
اجلاس میں عبدالروف بلوچ نے زور دیا ہے کہ یونین کونسل کے دفاتر کو فعال بنایا جائے تاکہ عوام کو پیدائش، اموات، شادی اور طلاق کے سرٹیفکیٹس کے حصول میں سہولت ملے۔
یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ مقامی سطح پر ایک تحقیقاتی کمیٹی قائم کی جائے گی جو موجودہ رجسٹریشن ریکارڈ کا جائزہ لے گی اور درپیش مسائل کو حل کرے گی۔
اجلاس کا اختتام لوکل گورنمنٹ، محکمہ صحت اور نادرا کے درمیان یادداشت کے معاہدے (MoU) پر دستخط سے ہوا جس کے تحت اب بلوچستان بھر میں پیدائش اور اموات کی رجسٹریشن کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان