برازیل کے شہر بارسیلوس میں سیاحوں کو لے جانے والا چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک ہوگئے، شہر کے میئر نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثہ ریاست کے دارالحکومت مانوس سے تقریبا 400 کلومیٹر دوربارسیلوس صوبے میں پیش آیا۔
برازیل کے شہری دفاع کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اس حادثے میں کوئی بھی مسافر زندہ نہیں بچا سکا ہے۔ انہوں نے بیایا کہ مسافر تفریحی ماہی گیری کی مشق کے لئے جا رہے تھے اور خراب موسم کی وجہ سے حادثہ پیش آیا اورلینڈنگ کے وقت شدید بارش ہو رہی تھی۔ حکام نے ہلاک ہونے والے افراد کی قومیت کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
ایمیزوناس کے گورنر ولسن لیما نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ مجھے بارسیلوس میں ہفتے کے روز طیارہ حادثے کا شکار ہونے والے 12 مسافروں اور عملے کے 2 ارکان کی ہلاکت پر انتہائی افسوس ہے۔
یہ بھی پڑھیں | پاکستانی کوہ پیما نیپال کی آٹھویں بلند ترین چوٹی سر کرنے کو تیار
لیما نے کہا کہ اس خطے کو شدید بارشوں کا سامنا ہے اور حادثے کی سب سے زیادہ ممکنہ وجہ لینڈنگ کے وقت لیے گئے راستے میں غلطی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاشیں نکال لی گئی ہیں اور ہلاک ہونے والےافراد برازیل آنے والے سیاح ہیں۔
مانوس ایروٹیکسی ایئرلائن نے اپنے جاری کردہ بیان میں حادثے کی تصدیق کرنے ہوئے کہا کہ حادثہ کی تحقیقات جاری ہیں ، تاہم بیان میں ہلاکتوں یا زخمیوں کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اس مشکل وقت میں مسافروں کی پرائیویسی کا احترام کرتے ہوئے تفسیلات کو عام نہیں کیا جارہا اور تحقیقات کے آگے بڑھنے کے ساتھ ساتھ تمام ضروری معلومات فراہم کی جائیں گی ۔
برازیل کی فضائیہ کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن اینڈ پریوینشن سینٹر کے تفتیش کاروں کو طلب کر لیا گیا ہے۔