وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے تمام متعلقہ وزارتوں اور محکموں کو گلگت بلتستان میں جاری وفاقی ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی سخت ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے حکم دیا ہے کہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے فنڈز کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ اس اہم اجلاس میں گلگت بلتستان کے وزیرِ اعلیٰ امجد حسین نے بھی شرکت کی۔
پن بجلی، سولر انرجی اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر پر توجہ
اجلاس کے دوران خطے میں ہائیڈرو پاور، بنیادی ڈھانچے اور شمسی توانائی کے منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے سو (100) میگاواٹ کے سولر پاور پروجیکٹ کو جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیا تاکہ مقامی عوام کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی ممکن ہو سکے۔ اس کے علاوہ نلتر پاور پروجیکٹ کی تکمیل، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور خطے میں جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی تنصیب پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یومِ آزادی گلگت بلتستان اور وزیراعظم کا دورہ
وزیراعظم نے تمام ترقیاتی اور خاص طور پر توانای کے منصوبوں کی باقاعدہ نگرانی (مانیٹرنگ) کرنے کی ہدایت کی تاکہ عوام ان کے ثمرات سے جلد از جلد مستفید ہو سکیں۔ اجلاس کے دوران گلگت بلتستان کے غیور عوام کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا جو یکم نومبر کو ڈوگرا راج سے آزادی اور پاکستان کے ساتھ الحاق کا تاریخی دن جوش و خروش سے منا رہے ہیں۔ اس تاریخی موقع کی مناسبت سے وزیراعظم شہباز شریف کا یکم نومبر کو گلگت بلتستان کا دورہ بھی متوقع ہے۔





