جرمنی نے پاکستانی پروفیشنلز اور رضا کاروں کے لیے اپنے مشہور بین الاقوامی پروگرام جرمنی کراس کلچر فیلوشپ 2027 (CrossCulture Fellowship) کے لیے آن لائن درخواستوں کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ یہ پروگرام انسٹی ٹیوٹ فار فارن کلچرل ریلیشنز (ifa) کی جانب سے جرمن فیڈرل فارن آفس کے تعاون سے منعقد کیا جاتا ہے۔ اس کا بنیادی مقصد دنیا بھر کے سول سوسائٹی کے ارکان کو جرمنی میں کام کرنے، بین الاقوامی نیٹ ورک بنانے اور پیشہ ورانہ مہارتیں سیکھنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
اس اسکیم کے تحت ہر سال 40 سے زائد ممالک کے 50 سے 60 پروفیشنلز کو منتخب کیا جاتا ہے جو جرمنی میں میزبان تنظیموں کے ساتھ 2 سے 3 ماہ گزارتے ہیں۔
فیلوشپ کے شاندار فوائد اور مالی معاونت
جرمنی کراس کلچر فیلوشپ کے لیے منتخب ہونے والے پاکستانی امیدواروں کو درج ذیل مراعات فراہم کی جائیں گی:
ماہانہ وظیفہ: بین الاقوامی شرکاء کو ہینڈلنگ اخراجات کے لیے 650 یورو ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔
سفری اخراجات: پاکستان سے جرمنی اور واپسی کا راؤنڈ ٹرپ ہوائی ٹکٹ بالکل مفت ہوگا۔
رہائش اور انشورنس: جرمنی میں قیام کے دوران مفت رہائش اور ہیلتھ انشورنس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
اضافی مراعات: انٹرکلچرل ورکشاپس، نیٹ ورکنگ ایونٹس اور پیشہ ورانہ اجلاسوں میں شرکت کا موقع۔
یہ پروگرام بنیادی طور پر انفرادی طور پر جرمنی میں منعقد ہوگا تاہم مخصوص سفری پابندیوں کی صورت میں ڈیجیٹل شرکت کی اجازت بھی دی جا سکتی ہے۔
اہلیت کا معیار اور مطلوبہ تعلیمی شعبے
پاکستانی پروفیشنلز اور کمیونٹی ورکرز درج ذیل معیارات پر پورا اتر کر اس فیلوشپ کے لیے اہل ہو سکتے ہیں:
1. بنیادی اہلیت :
عمر کی حد: درخواست جمع کرواتے وقت امیدوار کی عمر کم از کم 23 سال ہونی چاہیے۔
پیشہ ورانہ تجربہ: اپنے ملک کی کسی سول سوسائٹی یا این جی او (NGO) میں کم از کم 2 سال کا ثابت شدہ کام یا رضاکارانہ تجربہ لازمی ہے۔
زبان کی مہارت: انگریزی لکھنے اور بولنے پر مکمل عبور ہونا ضروری ہے کیونکہ پروگرام کی تمام سرگرمیاں انگریزی میں ہوں گی۔ جرمن زبان کا آنا لازمی نہیں، لیکن اگر آتی ہو تو اسے اضافی فائدہ تصور کیا جائے گا۔
2. منتخب شعبے :
امیدوار کا درج ذیل میں سے کسی ایک شعبے سے وابستہ ہونا ضروری ہے:
پالیسی اور سوسائٹی (Policy & Society)
میڈیا اور کلچر (Media & Culture)
انسانی حقوق اور امن (Human Rights & Peace)
پائیدار ترقی اور کلائمیٹ جسٹس (Sustainable Development & Climate Justice)
ڈیموکریٹک ریزیلینس (Democratic Resilience) اس سال کا خصوصی فوکس ایریا
درکار دستاویزات اور اپلائی کرنے کا طریقہ
آن لائن پورٹل پر درخواست شروع کرنے سے پہلے امیدواروں کو اپنے تمام دستاویزات انگریزی میں تیار رکھنے چاہئیں کیونکہ پورٹل پر غیر مکمل ڈرافٹ کو سیو (Save) کرنے کی سہولت موجود نہیں ہے۔
مطلوبہ دستاویزات: ایک اپڈیٹڈ سی وی (CV) اور ادارتی سربراہ یا سپروائزر کی طرف سے دستخط شدہ سفارشی خط جو کہ ifa کے آفیشل ٹیمپلیٹ پر ہونا لازمی ہے۔ تصویر اپ لوڈ کرنا اختیاری ہے۔
آن لائن اپلائی: امیدوار آفیشل پورٹل applications-ccp.ifa.de/job-offers پر جا کر پاکستان کی مخصوص پوزیشن کو سلیکٹ کریں اور فارم پُر کر کے دستاویزات اپ لوڈ کریں۔
ادارے کی جانب سے سخت ہدایت کی گئی ہے کہ تمام امیدوار اپنی درخواست ذاتی طور پر پُر کریں اور اس میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) کا استعمال نہ کریں۔ درخواست جمع کروانے کی آخری تاریخ 8 دسمبر 2026 (جرمن وقت کے مطابق رات 11:59 بجے) ہے اس کے بعد یا ای میل کے ذریعے بھیجی گئی درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔






