پاکستان کے معروف مذہبی اور سیاسی رہنما سینیٹر پروفیسر ساجد میر ہفتہ کے روز 86 برس کی عمر میں سیالکوٹ میں انتقال کر گئے ہیں۔ وہ گزشتہ ایک ماہ سے علیل تھے اور حال ہی میں ان کی سرجری بھی ہوئی تھی۔
پروفیسر ساجد میر 2 اکتوبر 1938 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1960 میں پنجاب یونیورسٹی سے انگریزی ادب میں ماسٹرز کیا اور پھر 1969 میں اسلامیات میں بھی ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔
وہ گزشتہ 40 سال سے مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ ساجد میر کو پانچ بار سینیٹ کا رکن منتخب کیا گیا اور وہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے قریبی ساتھی تھے۔ وہ مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر سینیٹر منتخب ہوتے رہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ پروفیسر ساجد میر نہ صرف ایک مدبر سیاستدان تھے بلکہ ایک جید اسلامی عالم بھی تھے۔ ان کی وفات نے ملکی سیاسی اور مذہبی منظرنامے میں ایک بڑا خلا پیدا کر دیا ہے جو آسانی سے پُر نہیں ہو سکتا۔
وزیراعظم نے ساجد میر کی انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خلاف مسلسل آواز بلند کرنے کو ان کی خدمات کا سنہرا باب قرار دیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کے لیے بلندئ درجات کی دعا کی ہے اور اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیاہے۔
یہ بھی پڑھیں ; معروف شیف ذاکر قریشی کراچی میں انتقال کرگئے