توشہ خانہ کیس کی تحقیقات کے لیے نیب ٹیم دبئی پہنچ گئی
قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی تحقیقات کے لیے دبئی، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) پہنچ گئی ہے۔
نیب کے ڈائریکٹر رضوان احمد کی سربراہی میں چار رکنی ٹیم اس قیمتی گھڑی کی فروخت کے بارے میں معلومات اکٹھی کرے گی جو عمران خان کو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے بطور تحفہ موصول ہوئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں | چوہدری پرویز الہی کو تحریک انصاف کا صدر بنا دیا گیا
گھڑی خریدنے والے عمر فاروق سے ملاقات
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم نے عمر فاروق سے ملاقات کی ہے جس نے گھڑی خریدنے کا دعویٰ کیا تھا۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارت خانے اور کچھ دکانوں کا دورہ کیا تاکہ تحقیقات کی جاسکیں۔
ادھر توشہ خانہ ریفرنس میں نیب نے منگل کو پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی، شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری اور پرویز خٹک کو 9 مارچ کو طلب کرلیا ہے
سابق وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ اور پی ٹی آئی کے سرکردہ افراد کو تفتیش کاروں کے سامنے پیش ہونے کو کہا گیا ہے۔ یہ پیشرفت نیب کے چیئرمین آفتاب سلطان کے عہدے سے مستعفی ہونے کے فوراً بعد سامنے آئی ہے۔
یاد رہے کہ نیب عمران خان کی جانب سے دیگر ممالک سے ملنے والے تحائف میں مبینہ دھاندلی کے معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔
نیب نے تحقیقات کے لیے کابینہ ڈویژن اور سرکاری خزانے سے تحائف کا ریکارڈ حاصل کر لیا ہے۔ توشہ خانہ کیس کی تحقیقات کی نگرانی ڈی جی نیب راولپنڈی کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ 19 نومبر کو نیب نے سابق وزیراعظم، ان کی اہلیہ اور کابینہ کے دیگر ارکان کو ملنے والے تحائف کی اصل قیمت ظاہر نہ کرنے کا نوٹس لیا تھا۔