15 جمعیت علمائے اسلام ف (جے یو آئی-ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے حکومت کو نئی وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حزب اختلاف کی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ جلد حکومت کا تختہ الٹ دے گی اور دسمبر تک حکومت نہیں رہے گی۔
انہوں نے چارسدہ میں منعقدہ ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوجرانوالہ میں 16 اکتوبر کو لوگوں کا سمندر آئے گا۔ جبکہ کراچی میں 18 اکتوبر کو لوگوں کا سمندر جمع ہو گا۔ 25 اکتوبر کو کوئٹہ میں اور 22 نومبر کو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع پشاور میں دیکھا جائے گا۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کہا کہ حکومت مخالف تحریک شروع ہوچکی ہے اور جب تک حکومت کو گھر نہیں بھیجا جاتا حزب اختلاف آرام سے نہیں بیٹھے گی۔ فضل الرحمن نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اس حکومت کو دسمبر دیکھنے نہیں دے گی۔
دوسری جانب مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت کو جنوری سے پہلے ہی گھر بھیج دیا جائے گا۔ ایک نجی نیوز چینل کو انٹرویو کے دوران مریم نواز نے حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ن لیگ نے اس وقت بھی ایسے مظالم کا نشانہ نہیں بنایا تھا جب ریٹائرڈ جنرل مشرف اقتدار میں تھے اور سابق وزیر اعظم نواز شریف جلاوطنی پر تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کی حکومت کو تسلیم نہیں کرتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یہ حکومت، حکومت کہلانے کی اہل نہیں ہے۔مریم نواز نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نہ تو اخلاقی لحاظ سے آئینی ہے اور نہ ہی اس کی کوئی قانونی بنیاد ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کو "ہینڈپکڈ” شخص کی حیثیت سے ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں لوگوں کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہینڈپکڈ شخص کا صرف اپنے سے تعلق ہے اور وہ ہمیشہ اپنے مخالفین کو خاموش کرنا چاہتا ہے۔”