دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ متحدہ عرب امارات نے آئندہ نوٹس تک پاکستان سمیت 12 ممالک کے وزٹ ویزوں کے اجراء کو عارضی طور پر معطل کردیا ہے جبکہ اس کی بنیادی وجہ کوویڈ19 کی دوسری لہر اور تیزی سے بڑھتے ہوئے کوویڈ19 کے کیسز ہیں۔
انہوں نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ معطلی کا اطلاق ان ویزوں پر نہیں ہوگا جو پہلے سے جاری شدہ ہیں۔ اس پیشرفت کی تصدیق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے ترجمان عبداللہ حفیظ نے کی جن کا کہنا تھا کہ ابھی تک ایئر لائن کو تحریری ہدایات جاری نہیں کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں | پاکستان کو اسامہ بن لادن کے قتل کی خبر دینا سوچ سے زیادہ آسان تھا، باراک اوباما
انہوں نے کہا کہ اقامہ ، ٹرانزٹ اور ورک ویزا رکھنے والے افراد کو اب بھی متحدہ عرب امارات میں داخلے کی اجازت ہے۔ یہ فوری طور پر واضح نہیں ہو سکا کہ معطلی سے ویزا کی کتنی اقسام متاثر ہوں گی۔ متحدہ عرب امارات کے پاس ویزا کے مختلف زمرے ہیں جن میں کاروبار ، سیاحتی ، ٹرانزٹ ، سٹڈی وغیرہ شامل ہیں۔
یاد رہے کہ جون میں جب پاکستان میں کیسز میں اضافہ ہوا تو متحدہ عرب امارات کی ایئر لائن امارات نے 3 جولائی تک پاکستان سے مسافر خدمات عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ فیصلہ امارات کی پرواز میں ہانگ کانگ پہنچنے والے 30 کے قریب پاکستانیوں کے کوویڈ19 مثبت ٹیسٹ کے بعد کیا گیا۔ ایئر لائن نے جولائی میں اپنی پروازیں دوبارہ شروع کردیں۔
اسی طرح اگست میں کویت کے ائیر لائن سیکٹر نے کوویڈ19 کے پھیلاؤ کی وجہ سے پاکستان سمیت 31 ممالک کی تجارتی پروازوں پر پابندی عائد کردی تھی جنھیں ‘زیادہ خطرہ’ سمجھا جاتا تھا۔ گزشتہ ماہ سے پاکستان میں ایک بار پھر کوویڈ19 کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ جس کے ساتھ مختلف پابندیاں ملکی اور عالمی سطح پر لگائی جا رہی ہیں۔