بدھ کے روز کھیلے گئے ایک سنسنی خیز میچ میں پاکستان کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 4-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا مگر اس کے باوجود قومی ٹیم ایف آئی ایچ ہاکی نیشنز کپ کے سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہو گئی۔
پاکستان کا مقابلہ ایک مضبوط نیوزی لینڈ ٹیم سے تھا جو پہلے ہی اپنے تمام گروپ میچز جیت چکی تھی اور شاندار فارم میں نظر آ رہی تھی۔
میچ کے ساتویں منٹ میں نیوزی لینڈ نے نک ووڈز کے پنالٹی کارنر کے ذریعے پہلا گول کر کے برتری حاصل کی۔ لیکن پاکستان نے زبردست واپسی کی۔ پہلے کوارٹر کے آخری لمحے میں عبد الرحمٰن نے شان دار ڈریگ فلک کے ذریعے مقابلہ برابر کر دیا۔ صرف چند لمحوں بعد انہوں نے نیوزی لینڈ کے دفاع کی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دوسرا گول کر کے پاکستان کو 1-2 کی برتری دلائی۔
پہلے ہاف کے اختتام سے پہلے رانا وحید اشرف نے ایک اور خوبصورت گول کرتے ہوئے اسکور 1-3 کر دیا۔ ہاف ٹائم پر پاکستان کی جیت یقینی نظر آ رہی تھی۔
تاہم دوسرے ہاف میں نیوزی لینڈ نے مکمل طور پر میچ پر قابو پا لیا۔ انہوں نے مسلسل چھ پنالٹی کارنرز حاصل کیے اور ان کے ڈریگ فلک اسپیشلسٹ اسکاٹ کوسلٹ نے دو بار گیند کو جال میں پہنچا کر اسکور برابر کر دیا۔
چوتھے کوارٹر میں کوسلٹ نے ایک اور زبردست ڈریگ فلک کے ساتھ اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور نیوزی لینڈ کو 3-4 کی برتری دلائی جو میچ کے اختتام تک قائم رہی۔
اس شکست کے بعد پاکستان کو جاپان اور ملائیشیا کے میچ کا انتظار کرنا پڑا۔ اگر ملائیشیا دو یا اس سے زیادہ گول کے فرق سے جیت جاتا تو پاکستان باہر ہو جاتا۔ لیکن جاپان نے 1-2 سے فتح حاصل کر کے پاکستان کو سیمی فائنل تک پہنچا دیا۔
سیمی فائنل آج 20 جون کو کھیلا جائے گا جبکہ فائنل اور تیسری پوزیشن کا میچ اگلے دن ہو گا۔ اس ٹورنامنٹ کا فاتح ٹیم 2025-26 سیزن کے لیے ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ میں ترقی حاصل کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں : آفریدی، رضوان اور رؤف بی بی ایل 2025 کے ڈرافٹ میں سرفہرست انتخاب