بھارت نے پاکستان کو شکست دے کر جونیئر ایشیا کپ جیت لیا
عمان کے شہر سلالہ میں جمعرات کو جونیئر ایشیا کپ 2024 کے فائنل میچ میں پاکستان کو حریف بھارت کے ہاتھوں 2-1 سے شکست ہوئی ہے۔
ہندوستان کے لیے انگد بار سنگھ کے اسکور نے 13ویں منٹ میں اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ صرف سات منٹ بعد، اریجیت سنگھ ہنڈل نے ہندوستان کے لیے ایک اور گول کا اضافہ کیا جس سے ان کی ٹیم کو دو گول کا فائدہ پہنچا۔
تفصیلات کے مطابق 38ویں منٹ میں ساتھی کھلاڑی شاہد عبدل کے پاس کے بعد پاکستان کی جانب سے علی بشارت نے گول کیا۔
بھارت نے ایک بھی میچ ہارے بغیر ٹورنامنٹ جیتا جبکہ پاکستان کی واحد شکست فائنل میں ہوئی۔
پاکستان کے عبدالحنان شاہد نے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ جیتا جبکہ عبدالرحمن ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر رہے۔
دونوں ٹیمیں ملائیشیا میں 2015 میں ٹورنامنٹ کے فائنل میں بھی ایک دوسرے سے کھیلی تھیں جہاں ہندوستان نے پاکستان کے خلاف 6-2 کے سکور سے فتح حاصل کی تھی۔
اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے مردوں کے جونیئر ایشیا کپ میں چار ٹائٹل جیتنے کا نیا ریکارڈ بنا لیا ہے۔ وہ اس سے قبل 2004، 20008 اور 2015 میں ٹائٹل جیتے تھے جبکہ پاکستان نے 1988، 1992 اور 1996 میں یہ ٹورنامنٹ جیتا تھا۔
یہ بھی پڑھیں | ورلڈ کپ میں شرکت کا انحصار حکومتی ہدایات پر ہے، پی سی بی
یہ بھی پڑھیں | جبران ناصر کو کراچی سے اغوا کر لیا گیا
پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کو الاؤنس نہیں مل سکا
واضح رہے کہ پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کو عمان میں ہونے والے ایشیا کپ کے دوران ڈیلی الاؤنس نہیں ملا ہے۔
ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں اور آفیشلز کو یومیہ 100 ڈالر ملنا تھے لیکن فنڈز کی کمی کے باعث ایسا نہیں ہو سکا ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے ٹورنامنٹ کے لیے روانگی سے قبل متعدد بار پاکستان اسپورٹس بورڈ سے فنڈز کی درخواست کی تھی۔
پی ایچ ایف نے اسکواڈ کے ٹکٹ اور رہائش کے لیے بھی اپنی جیب سے ادائیگی کی۔