آج 12 اپریل بروز ہفتہ کو راولپنڈی سے 60 کلومیٹر شمال مغرب میں 5.5 شدت کا زلزلہ آیا ہے جس نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت شمالی پاکستان کے کئی علاقوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
پاکستان محکمہ موسمیات کے مطابق اس زلزلے کی گہرائی 12 کلومیڑ تھی جس کے باعث جھٹکوں کی شدت زیادہ محسوس کی گئی۔
یہ زلزلہ حالیہ دنوں میں آنے والا دوسرا بڑا جھٹکا ہے جس نے کئی دیگر شمالی علاقوں کو بھی متاثر کیا ہے۔
نیشنل سیسمولجیکل سنٹر کے مطابق ایک زلزلے کے بعد 4.3 شدت کا آفٹر شاک بھی آیا ہے جس کی گہرائی 88 کلومیٹر تھی۔ اس کا مرکز پاکستان، افغانستان اور تاجکستان کی سرحدی پٹی کے قریب واقع تھا۔
زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد اور خیبر پختونخوا و شمالی پنجاب کے مختلف شہروں جیسے ٹیکسلا، واہ کینٹ، ہری پور، ایبٹ آباد اور اٹک میں محسوس کیے گئے۔
شہری خوفزدہ ہو کر اپنے گھروں، دفاتر اور تعلیمی اداروں سے باہر نکل آئے۔
تاحال کسی جانی نقصان یا عمارات کو نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے تاہم نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور پراوینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پریشان نہ ہوں لیکن الرٹ رہیں۔
خصوصاً بلند عمارتوں میں رہنے والے افراد کو ہنگامی انخلا کے حوالے سے انتظامات کو چیک کرنے اور سرکاری اطلاعات سے باخبر رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔