ابوظہبی کے ولی عہد، شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان، وزیر اعظم شہباز شریف کی دعوت پر آج 27 فروری 2025 کو اپنے پہلے سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق، ولی عہد کے ہمراہ وزراء، سینئر حکام اور معروف کاروباری شخصیات پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد بھی ہوگا۔
یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات اور دوطرفہ اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا عکاس ہے۔ دورے کے دوران، ولی عہد پاکستانی قیادت کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے، تاریخی تعلقات کو مستحکم کریں گے اور اقتصادی و سرمایہ کاری تعاون کو فروغ دیں گے۔
مزید برآں، دونوں ممالک مختلف شعبوں میں طویل المدتی تعاون کے لیے معاہدوں پر دستخط کریں گے، جو مشترکہ منصوبوں اور اقتصادی تعاون کے نئے مواقع پیدا کریں گے۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات ہمیشہ باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ مقاصد پر مبنی رہے ہیں۔ ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت داری اور مضبوط عوامی روابط کا مظہر ہے۔