دل کا دورہ کیا ہے؟
دل کا دورہ اس وقت پڑتا ہے جب آپ کی کورونری شریانوں – خون کی وہ نالیاں جو آپ کے دل تک خون کو لے کر جاتی ہیں – میں سے کوئی ایک بند ہو جاتی ہے۔
یہ عام طور پر کوورونری دل کی بیماری کے نیتجے میں پڑتا ہے، جو ایسی حالت ہے جس میں کورونری شریانوں میں چربی والا ایک مادہ (پلاک) بن جاتا ہے۔ اس بیماری کی وجہ سے شریانیں تنگ ہو جاتی ہیں اور خون کے بہاؤ کو مشکل پیش آتی ہے اور خون میں ایسے لوتھڑے بن سکتے ہیں، جو شریان کو مکمل طور پر بند کر دیتے ہیں۔
دل کے پٹھوں تک کافی مقدار میں خون اور آکسیجن نہ پہنچنے کی وجہ سے انہیں شدید نقصان پہنچ سکتا ہے اور اس بناء پر دل کا دورہ پڑ سکتا ہے۔
دل کے دورے کی علامات کیا ہیں؟
ہارٹ اٹیک کی سب سے عام علامت سینے میں ایسا درد ہے جو کسی طرح بھی ختم نہ ہو رہا ہو اور یہ دباؤ یا جکڑن کی طرح محسوس ہوتا ہے یا مریض کو ایسے محسوس ہو سکتا ہے جیسے اس کے سینے کو نچوڑا جا رہا ہو۔ یہ احساس اکثر آپ کے سینے کے بیچ میں شروع ہوتا ہے اور آپ کی گردن، جبڑوں، کان، بازوؤں یا کلائی تک پہنچ سکتا ہے۔ اگرچہ یہ سب سے عام علامت ہے، لیکن ہر کسی کو اس کا تجربہ نہیں ہوتا۔
دیگر علامات جو آپ کو دل کا دورہ پڑنے کی نشاندہی کر سکتی ہیں، ان میں درج ذیل شامل ہیں:
آپ کی گردن، جبڑے یا کمر اور بائیں بازو کے نیچے یا دونوں بازوؤں کے نیچے درد
متلی یا قے آنا
پسینہ اور چپچپا سا محسوس کرنا
بہت سرمئی اور زرد نظر آنا
عام طور پر بیمار اور خوف زدہ محسوس کرنا
بے چینی یا اضطراب
سانس میں دقت محسوس کرنا
چکر آنا
ہارٹ اٹیک کی علامات اکثر مردوں اور عورتوں میں مختلف ہو سکتی ہیں۔ خواتین میں سینے میں درد کے علاوہ علامات کا زیادہ امکان ہوتا ہے اور سینے میں درد محسوس کرنے کا امکان قدرے کم ہوتا ہے۔ خواتین یہ سوچنے کا بھی زیادہ امکان رکھتی ہیں کہ ان کی علامات سنگین نہیں ہیں۔
دل کے دورے کی تشخیص اور علاج کیسے کیا جاتا ہے؟
یہ بہت اہم ہے کہ اگر آپ یا آپ کا کوئی جاننے والا دل کے دورے کی ایک یا زیادہ علامات ظاہر کر رہا ہو، تو آپ فوراً 1122 پر کال کریں
طبی عملہ یہ معلوم کرنے کے لیے ٹیسٹ کرے گا کہ آیا آپ کو دل کو دورہ پڑا ہے۔ ان میں آپ کے خون میں بعض پروٹینز کی مقدار کی پیمائش کرنے کے لیے خون کے ٹیسٹ اور آپ کے دل کے پٹھوں کو پہنچنے والے نقصان کی مقدار اور یہ کہ نقصان کہاں ہوا ہے، کا کھوج لگانے کے لیے ایک ECG (الیکٹرو کارڈیوگرام) شامل ہیں۔
یہ ٹیسٹ جلد از جلد کرا لینے چاہئیں تاکہ آپ اپنی انفرادی صورت حال کے مطابق صحیح قسم کا علاج حاصل کر سکیں۔ دل کے دورے کا ابتدائی علاج دل کے متاثرہ حصے میں خون کے بہاؤ کو دوبارہ جاری کرنے اور آپ کے دل کے پٹھوں کو پہنچنے والے نقصان کی مقدار کو محدود کرنے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔
علاج کی اہم اقسام میں درج ذیل شامل ہیں:
پرائمری (یا ایمرجنسی) انجیو پلاسٹی – شریان کے تنگ حصے کو ایک غبارہ نما آلہ استعمال کرتے ہوئے پھیلا دیا جاتا ہے اور شریان کو کھلا رکھنے کے لیے وہاں پر اسٹینٹ ڈال دیا جاتا ہے۔
تھرومبولائسز – لوتھڑوں کو توڑنے والی دوا خون کے کسی بھی ایسے لوتھڑے کو تحلیل کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے، جو آپ کی شریانوں کو روک رہا ہو۔
تھرومبیکٹومی – ایک سرجری جس میں آپ کی شریان میں موجود لوتھڑے یا رکاوٹ کو ہٹا دیا جاتا ہے۔
دل کے دورے کے بعد کیا ہوتا ہے؟
دل کا دورہ پڑنے کے بعد، امکان ہے کہ آپ تقریباً 3-5 دن تک ہسپتال میں رہیں گے تاکہ آپ کی حالت مستحکم ہو جائے اورتب تک آپ کی نگرانی کی جا سکے۔
کچھ لوگوں کو اپنے دل کے دورے سے منسلک دیگر مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے، بشمول:
خون میں شکر کی سطح میں اضافہ، جس کا علاج انسولین سے کیا جا سکتا ہے۔
اریتھمیاس، آپ کے دل کی معمول کی تال میں تبدیلی، اگر وہ کافی خطرناک ہو، تواس کا علاج پیس میکر سے کیا جا سکتا ہے
سینے میں درد یا انجائنا، جو آپ کے دل کے پٹھوں کو خون کی ناکافی فراہمی کی وجہ سے ہوتا ہے۔
ہارٹ فیل ہونا، جب آپ کے دل کے پٹھوں کو نقصان اتنا سنگین ہوتا ہے کہ آپ کا دل آپ کے جسم کو مکمل طور پر خون سپلائی کرنے کے لیے کافی مقدار میں خون پمپ کرنے کے قابل نہیں رہتا
ہائی بلڈ پریشر، جس کا علاج ادویات اور خوراک سے کیا جا سکتا ہے۔
زیادہ تر لوگوں کے لیے، چند دنوں کے بعد، آپ کا دل معمول پر آ جائے گا۔ ایک اور دل کا دورہ پڑنے کا فوری خطرہ کم ہو جاتا ہے اور سخت نگرانی کی ضرورت ختم ہو سکتی ہے۔ آپ کا ڈاکٹر مشورہ دے گا کہ آپ کے لیے ہسپتال سے گھر واپس آنا کب محفوظ ہو گا۔
دل کا دورہ پڑنے کے بعد تھکاوٹ، مغلوب اور بے چینی محسوس کرنا معمول کی بات ہے۔ آپ کو معلوم ہو سکتا ہے کہ آپ کو ڈاکٹروں اور نرسوں نے خاص طور پر پہلے چند دنوں کے دوران جو کچھ بتایا تھا، اس میں سے بہت کچھ آپ کو صحیح سے یاد نہیں ہے۔ عملے سے سوالات پوچھنے سے مت گھبرائیں۔ جو کچھ ہو رہا ہے اس کے بارے میں اپنے خاندان سے بات کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔
ہسپتال چھوڑنے سے پہلے، آپ کا ڈاکٹر آپ سے کسی بھی ایسی ادویات کے بارے میں بات کرے گا جو آپ کو لینے کی ضرورت پڑسکتی ہے اور ساتھ ہی آپ کو آپ کے مقامی علاقے میں دستیاب امدادی خدمات، جیسے دل کی بحالی وغیرہ کے بارے میں معلومات فراہم کرے گا