پولیس نے پیر کو تصدیق کی ہے کہ کراچی شہر کے کورنگی محلے میں بزرگ خواجہ سرا شخص کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا ہے۔
کراچی پولیس نے بتایا کہ 60 سالہ ٹرانسجینڈر فرد جس کا نام ممتاز تھا، کو کورنگی کی بلال کالونی میں واقع ان کی رہائش گاہ پر ہلاک کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں نے ان کے گھر میں گھس کر فائرنگ کی۔
پولیس کے مطابق ، ممتاز کی لاش جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سنٹر (جے پی ایم سی) میں بھجوا دی گئی ہے جنہوں نے کہا کہ قتل کی تحقیقات جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں | کراچی میں پراپرٹی کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں
کورنگی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ، کیپٹن (ر) فیصل عبد اللہ چاچڑ نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ واقعہ ذاتی دشمنی کے سبب ہوا ہے۔ چاچر نے بتایا کہ ہلاک شدہ ٹرانسجینڈر فرد کو مبینہ طور پر ایک نوجوان نے دھمکی دی تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملزم نے ممتاز سے رقم بھی لی تھی۔ پولیس افسر نے مزید کہا کہ اس نوجوان کا فوجداری ریکارڈ ہے جو کہ ممکنہ طور پر اس قتل میں ملوث ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مشتبہ شخص کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔
کراچی پولیس کے میڈیا سیل کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دو نامعلوم حملہ آوروں نے ٹرانسجینڈر شخص کے گھر میں گھس کر ممتاز سے کچھ باتیں کی جس نے ان کی شناخت کی۔
بیان میں لکھا گیا ہے کہ مسلح افراد نے ان کے سر میں گولی مار دی اور فرار ہوگئے۔ پولیس کے بیان میں مزید کہا گیا کہ اس حوالے سے تفتیش جاری ہے۔