کراچی میں آئندہ تین دنوں کے دوران ہلکی بارش اور بوندا باندی کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں بادلوں کی جزوی سے مکمل موجودگی رہے گی، جبکہ سمندری ہوائیں بھی جاری رہیں گی، جو گرمی میں کچھ کمی کا باعث بنیں گی۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں منگل کے روز ہلکی سے درمیانی بارش ہوئی، جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔
سب سے زیادہ بارش قائدآباد میں 8.5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ دیگر علاقوں میں بھی مختلف مقدار میں بارش ہوئی۔ آئندہ چند دنوں کے دوران بھی شام اور رات کے وقت ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے شہریوں کو گرمی سے کچھ راحت ملے گی۔
کراچی کے علاوہ سندھ کے ساحلی علاقوں میں بھی ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ دیگر علاقوں میں گرم اور مرطوب موسم برقرار رہے گا۔