پنجاب کی عوام کے لیے خوشخبری سناتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کابینہ نے منگل کو یہاں ہونے والے اپنے اجلاس میں ’’روشن گھرانہ پروگرام‘‘ کی منظوری دی ہے جس کے تحت وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف 50 سے 500 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کو شمسی توانائی فراہم کرنے جا رہی ہیں۔
انہوں نے کابینہ اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے تحت 90 فیصد حصہ پنجاب حکومت ادا کرے گی جبکہ صارفین کو صرف 10 فیصد حصہ ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک ارب روپے کا منصوبہ ہے جس کی تفصیلات جلد عوام کے سامنے لائی جائیں گی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ پنجاب میں آٹے کی قیمت کا نوٹیفکیشن کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد سوشیو اکنامک رجسٹری کام شروع کر دے گی جس کے تحت مستحقین کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا اور وہ سبسڈی اور ریلیف سے مستفید ہو سکیں گے۔
پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اس موقع پر کہا کہ تعلیم میں نئی اصلاحات اور جامع پروگرام لا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دانش سکول کا فلیگ شپ پراجیکٹ، اور میٹرک کا نتیجہ ناقدین کے لیے کافی ہے۔