پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور پنجاب کے نو منتخب وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے اسپیکر اور مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الہیٰ کے الزامات کو جھوٹ قرار دے دیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ وہ گیلری سے لوگوں کو چیخ چیخ کر بلا رہے تھے اور تشدد پر اکسا رہے تھے اور پھر ساتھ شاباشی بھی دے رہے تھے۔
تفصیلات کے مطابق یہ گفتگو وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے لاہور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف رہنما عبدالعلیم خان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ پی ٹی آئی نے گزشتہ 4 سالوں کے دوران پاکستان کے سب سے بڑے صوبے کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے اور کرپشن کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں | مریم نواز نے ٹویٹر پر “امپورٹڈ حکومت نامنظور” کے ٹرینڈ کو جعلی قرار دے دیا
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے بدترین طرز حکمرانی کی وجہ سے علیم خان بھی پی ٹی آئی سے دور ہو گئے ہیں۔ ان کا بھی یہی خیال ہے کہ تحریک انصاف نے نئے پاکستان کا خواب دکھا کر ان کے ساتھ دھوکا کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا سیاسی انتقام کا ارادہ نہیں ہے اور نا ہی ہم سیاسی انتقامی کارروائیوں پر یقین رکھتے ہیں لیکن قانون اپنا کام ضرور کرے گا۔
حمزہ شہباز نے میڈیا کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مسلم لیگ ق کے رہنما پرویز الہیٰ کے جھوٹ کو بے نقاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ وڈیوز میں صاف دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ کیسے چیخ چیخ کر گیلری سے لوگوں کو بلایا گیا، تشدد ہر اکسایا گیا اور پھر شاباش بھی دی گئی۔