عمران خان کی ضمانت منظور، انٹرنیٹ بحال
عمران خان کو عدالت سے ضمانت ملنے کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے آج ہفتے کے روز تصدیق کی ہے کہ اس نے پورے پاکستان میں موبائل انٹرنیٹ بحال کرنا شروع کر دیا ہے۔
پاکستان میں موبائل ڈیٹا سروسز کو 9 مئی کو سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد معطل کر دیا گیا تھا جس نے ملک میں پرتشدد مظاہروں کو جنم دیا تھا۔ عمران خان کے حامیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان جھڑپوں میں کم از کم چھ مظاہرین مارے گئے جبکہ کئی سرکاری عمارات اور املاک کو مظاہرین کی جانب سے آگ لگائی گئی۔
یاد رہے کہ جمعہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو متعدد قانونی مقدمات میں ضمانت دی ہے۔
پی ٹی اے نے کہا کہ اس نے افراتفری کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے کے لیے وزارت داخلہ کی ہدایت پر موبائل انٹرنیٹ سروس بند کی تھی، تاہم موبائل انٹرنیٹ صارفین کو جمعہ کی رات سے یہ خدمات واپس ملنا شروع ہوگئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں | توشہ خانہ کیس: اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو جاری نیب نوٹسزغیر قانونی قرار دے دئیے
فیسبک ٹویٹر تاحال بلاک ہیں
موبائل انٹرنیٹ کی بحالی کے باوجود ملک میں سماجی رابطوں کی بڑی ویب سائٹس بشمول فیس بک، ٹوئٹر اور یوٹیوب تاحال بلاک ہیں۔
چار دن کے موبائل ڈیٹا کی معطلی نے آن لائن کاروبار سے وابستہ لاکھوں افراد کو متاثر کیا ہے خاص طور پر کھانے کی ڈیلیوری اور رائیڈز لینے والے افراد متاثر ہوئے ہیں۔