پیر کو قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کی قرار داد پیش کرنے کے بعد سیاست میں کھلبلی مچ گئی اور سب سے پہلے وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو استعفیٰ دینے کا کہا اور ان کی جگہ ق لیگ کے چوہدری پرویز الٰہی کو وزیر اعلی نامزد کر دیا ہے جو کہ صوبائی حکومت کی قیادت کریں گے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی (ایس اے پی ایم) ڈاکٹر شہباز گل اور وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے عثمان بزدار کے استعفے سے متعلق پیشرفت کا اشتراک کرتے ہوئے کہا کہ ق لیک نے تحریک عدم اعتماد پر وزیر اعظم کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
شہباز گل نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے اپوزیشن کے تمام منصوبوں کو ناکام بنا دیا جائے گا اور انہیں اس سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
تاہم، پرویز الٰہی کی بطور وزیراعلیٰ نامزدگی کا خمیازہ ق لیگ کو بھی بھگتا پڑا کیونکہ ق لیگ کے وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے کابینہ سے استعفیٰ دے دیا اور وزیراعظم کے خلاف ووٹ دینے کا اعلان کیا۔ یہ بات انہوں نے نجی نیوز کے ایک شو کے دوران کہی۔ ان کے غیر متوقع استعفیٰ نے ق لیگ میں دراڑ اور گجرات کے چوہدریوں کے درمیان اختلافات کے بارے میں قیاس آرائیوں کو جنم دیا۔
طارق بشیر چیمہ نے ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کو اعتماد میں لینے کے بعد استعفیٰ دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں | بحرین میں حجابی خاتون کو داخلے کی اجازت نا دینے پر ریسٹورینٹ بند کر دیا گیا
اس سے قبل چوہدری پرویز الٰہی نے اپنی پارٹی کے وفد کی قیادت کی اور وزیراعظم سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے عثمان بزدار سے استعفیٰ لے لیا ہے اور انہیں وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کر دیا ہے۔
ق لیگ کے رہنما چوہدری پرویز الہی نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ وہ ان کی توقعات پر پورا اتریں گے اور صوبے کے عوام کی بے لوث خدمت کریں گے۔
ق لیگ میں اختلافات اور دراڑ کی خبروں کے حوالے سے، چوہدری شجاعت کے بیٹے چوہدری سالک حسین، ایم این اے، نے پارٹی یا خاندان میں ایسی کسی پیش رفت کی صریح تردید کی۔ علاوہ ازیں چوہدری پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الٰہی نے بھی ایسی کسی بات کی تردید کی اور امید ظاہر کی کہ طارق چیمہ بھی اپنے فیصلے پر نظرثانی کے لیے قائل ہو جائیں گے۔
اس کے علاوہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، سابق صدر آصف علی زرداری، چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری، صدر پی ڈی ایم اور جے یو آئی ایف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور بی این پی مینگل کے صدر سردار اختر مینگل نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان پہلے غیر ملکی فنڈنگ کیس میں اپنا جواب جمع کرائیں، کیونکہ انہوں نے خود خلاف ورزی کی تھی۔