میزان افراد کی حساسیت اور مضبوط فیصلہ سازی کی قوت ان کی نمایاں خصوصیات ہیں۔ وہ تیزی سے تاثرات قبول کرتے ہیں اور بہترین فیصلے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ امن و سکون سے رہنا ان کی ترجیح ہے، اور وہ نفسیاتی طور پر احکامات لینے یا سننے میں مشکل محسوس کرتے ہیں۔ محبت اور نرمی سے بڑے بڑے کام انجام دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کی شفقت اور ہمدردی دوسروں کی ہر ممکن مدد کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ حسن اور ہم آہنگی کو پسند کرنے والے، اپنے ماحول کے مطابق دوست بنانے والے اور تنہائی سے گھبرانے والے ہوتے ہیں۔
مرد
میزان مرد ہمیشہ اپنے ماحول کو سازگار بنانے کی کوشش میں رہتے ہیں۔ شیریں گفتار اور قابل احترام شخصیات اور بزرگوں کا ادب کرنے والے ہیں۔ خوش خلقی، شرافت اور دوسروں سے ہمدردی ان کے اہم اوصاف میں شامل ہیں۔ وسیع حلقۂ احباب اور دوستی رکھتے ہیں اور بہت جلد میل جول بڑھا لیتے ہیں۔ ان کی زندگی کا معاشرتی پہلو بے حد روشن اور سرگرم ہوتا ہے۔ دانشمندی کو اپنے فوائد کے لئے استعمال کرنے والے، مفاہمت پرست اور صلح جو ہوتے ہیں۔ دوسروں کے جھگڑے اور اختلافات ختم کروانے میں ماہر ہوتے ہیں اور بہترین فیصلوں کی قوت رکھتے ہیں۔ اپنے بارے میں اچھا فیصلہ کرنے کے بعد کامیابیاں حاصل کرتے ہیں۔ حساس، انصاف پرور اور متوازن طبیعت کے مالک ہوتے ہیں۔ اپنے خیالات کی بنا پر نامور وکیل یا جج بننے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ فنون لطیفہ، موسیقی اور مصوری کے فطری رجحان رکھتے ہیں۔ سچائی، صداقت اور حقیقت کی تلاش میں جستجو کرتے ہیں۔ رحم دل، غیر جانبدار اور فنکارانہ صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں۔ فطری طور پر مہذب، اچھے جمالیاتی ذوق کے مالک اور دوستوں کے بغیر نہ رہنے والے ہوتے ہیں۔ محبت کے معاملے میں توازن اور معقولیت کے طلبگار ہیں۔
عورت
میزان خواتین گھریلو زندگی اور خوشیوں کا بے حد خیال رکھتی ہیں اور انہیں برقرار رکھنے کے لئے جتن کرتی ہیں۔ اپنے رفیق زندگی کی رفاقت میں خوشی محسوس کرتی ہیں اور عقیدت کی حد تک محبت قائم رکھتی ہیں۔ مسرت بخش شادی کو دنیا کی ساری دولت سے بہتر جانتی ہیں اور بڑی سے بڑی قربانی دینے والی ہوتی ہیں۔ اچھی چیزوں سے لطف اندوز ہونے کا ذوق رکھتی ہیں۔ زندگی کو خوشگوار بنانے والی، آرائش و زیبائش، فنون لطیفہ اور بناؤ سنگھار سے خاص دلچسپی رکھتی ہیں۔ زندگی میں ترتیب، سلیقے اور ہم آہنگی کو پسند کرتی ہیں۔ خاص نسوانی کشش کی حامل اور دوسروں کی توجہ اپنی طرف کھینچنے والی ہوتی ہیں۔ خوش وضع اور خوش لباس ہوتی ہیں، تیز طرار اور ذہین ہوتی ہیں۔ محبت کے معاملے میں دل کی گہرائیوں سے چاہنے والی، محفلوں کو پسند کرتی ہیں، عزت کروانے کی خواہاں اور رفیق حیات میں اچھی خوبیوں کو تلاش کرتی ہیں۔ فراخ دل، فراخ حوصلہ، حسین، ملنسار اور خوش اخلاق ہوتی ہیں۔ اپنی دماغی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتی ہیں، اپنی پسند کا خاص خیال رکھتی ہیں، ظاہری نمودونمائش سے بھاگتی ہیں، دلی سکون اور اطمینان کو بہتر جانتی ہیں اور محبت کو جذباتی وابستگی سے دور رکھتی ہیں۔ جبر، دباؤ اور ظلم و ستم برداشت کرنے کی زبردست صلاحیت رکھتی ہیں اور زیادہ عقل و دانش سے کام لیتی ہیں۔
اپنی مرضی کی مالک، تنہائیوں سے گھبرانے والی، اپنی تمناؤں کو ترجیح دینے والی، احساس کمتری کا شکار اور اعتماد کی کمی محسوس کرتی ہیں۔ جلن کا مادہ رکھتی ہیں اور جسمانی کشش سے دوسروں کو متوجہ کرتی ہیں۔ خوشامد پسند، مختلف غلط اقدامات کے ذریعے اپنا مقصد حاصل کرتی ہیں اور حسن و کشش کے بارے میں اکثر مشکوک ہوجاتی ہیں۔ اپنی شخصیت کے بارے میں بے اعتمادی کی شکار ہوتی ہیں اور اپنی ذات کے بارے میں ٹھوس فیصلہ نہ کر سکنے والی ہوتی ہیں۔ حسن پرست، چیزوں کے بارے میں مبالغہ آرائی سے کام لیتی ہیں، ساری زندگی محبت کے تصور میں گزارتی ہیں اور محبت کو سارے دکھوں کا علاج سمجھتی ہیں۔ ازدواجی زندگی کے لئے ہر وقت ترساں، بے اعتباری کا شکار اور اپنی ذات کو کمزور جانتی ہیں۔ اپنی خواہشات کی تکمیل کے لئے قسمت پر اعتماد اور بھروسہ کرتی ہیں۔
حساس طبیعت
میزان افراد تصوراتی مزاج کے مالک ہوتے ہیں اور تیزی سے کسی بھی تاثر کو قبول کر لیتے ہیں۔ فارغ اوقات میں سوچوں میں ڈوبے رہتے ہیں اور لوگوں کے اعتراضات پر پریشانی محسوس کرتے ہیں۔ ماحول سے بہت جلد متاثر ہو جاتے ہیں اور غیر ہم آہنگ ماحول سے ناخوش رہتے ہیں۔ تیز روشنی اور تیز رنگوں سے الجھن محسوس کرتے ہیں۔ شرمیلا، آرام پسند اور ذمہ داریوں کو قبول کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس کرتے ہیں۔ ایک کام کو ادھورا چھوڑ کر دوسرے کام میں مشغول ہو جانے والے ہوتے ہیں۔ ازدواجی زندگی میں عموماً ناکام اور محبت اور دلیل سے کام لینے والے ہوتے ہیں۔ سخت کاموں سے بھاگتے ہیں اور حقیقت کا سامنا کرنے میں مشکل محسوس کرتے ہیں۔
محبت اور تعلقات
میزان افراد کے لئے مناسب جیون ساتھی کا انتخاب اولین ترجیح ہوتا ہے۔ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کے بعد، یہ لوگ باہمی سکون اور رفاقت کو برقرار رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ میزان افراد اپنی ذات میں غمزدہ رہتے ہیں، اس لئے انہیں دوسروں کے ساتھ روابط بڑھانے کی ضرورت پیش آتی ہے۔ یہ لوگ متوازن سوچ کے مالک، تخیلاتی اور جذبات کا اظہار کرنے والے ہوتے ہیں۔ یہ چاہتے ہیں کہ ان کے والدین ہمیشہ ان سے خوش رہیں اور ان کی طرف سے منتخب شدہ جیون ساتھی کو خوشی سے قبول کریں۔ مساوات اور رواداری کی وجہ سے یہ بہترین جیون ساتھی ثابت ہوتے ہیں۔
دوست، احباب اور اہل خانہ
میزان افراد کا حلقۂ احباب شاندار لوگوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ یہ لوگ اپنے گھر اور دوستوں دونوں کے ساتھ وقت گزارنا پسند کرتے ہیں اور اپنے گھر پر دوستوں کو مدعو کرنے میں ہچکچاتے نہیں۔ ملنسارانہ طبعیت کی وجہ سے لوگ ان کی طرف کھنچے چلے آتے ہیں۔ یہ اپنے گردونواح کے لوگوں سے ہم آہنگی قائم کر لیتے ہیں اور اپنے دوستوں اور گھر والوں کو خاطر خواہ توجہ دیتے ہیں۔ جب انہیں کوئی آزمائش درپیش ہوتی ہے، تو ہر پہلو پر غور و فکر کرتے ہیں، اور ان کی یہی عادت انہیں مسائل کا بہتر حل تلاش کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔
کاروبار اور دولت
ہم آہنگی میزان افراد کا بنیادی خاصہ ہے۔ یہ لوگ عظیم قائد ثابت ہوتے ہیں اور اپنے کام سے لو لگا کر رکھتے ہیں۔ سچ اور انصاف ان کی زندگی میں اہمیت رکھتے ہیں۔ چونکہ یہ ملنسار ہوتے ہیں، اس لئے دوسروں کے ساتھ شراکت داری کر لیتے ہیں۔ ان میں دوسروں کو قائل کرنے کی صلاحیت بدرجہ اتم پائی جاتی ہے، اس لئے ہر وہ شعبہ موزوں ہے جہاں بول چال کا زیادہ استعمال ہو۔ پولیس، وکالت یا جج کا پیشہ ان کے لئے انتہائی موزوں ہے کیونکہ ان شعبوں کا تعلق انصاف فراہم کرنے سے ہے۔ بحیثیت دانشور، عوامی خدمتگار، سجاوٹ کرنے والے، موسیقی مرتب کرنے اور ملبوسات تیار کرنے کے معاملے میں یہ لوگ اپنی مثال آپ ہیں۔ تاہم، یہ لوگ دوسروں کے ساتھ مل کر کام کرنے میں زیادہ لطف اندوز ہوتے ہیں۔
خرید و فروخت میں زیادہ وقت صرف کرتے ہیں اور اپنی آمدنی اور خرچ کو متوازن رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اپنے گھر کو سجانے اور منفرد بنانے کی خاطر مختلف اشیاء کی خریداری کرتے ہیں۔ اپنے محبوب کے لئے خریداری کرنے میں بہت مزا آتا ہے۔