ٹیکنالوجی کی دنیا کی معروف کمپنی مائیکروسافٹ نے ڈیولپرز کی سہولت کے لیے ایک انقلابی قدم اٹھایا ہے۔ مائیکروسافٹ نے ‘اسکوپ‘ (Scope) نامی ایک بالکل مفت ٹول لانچ کیا ہے جو آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) کوڈنگ اسسٹنٹس کی جانب سے کی جانے والی غلطیوں کی نشان دہی کرے گا۔ اس ٹول کی مدد سے کمپنیاں اور ڈیولپرز یہ ٹریک کر سکیں گے کہ اے آئی اسسٹنٹس کوڈ لکھتے یا ایپلی کیشنز بناتے وقت کہاں غلطی کر رہے ہیں۔
مائیکروسافٹ اسکوپ کیسے کام کرتا ہے؟
جدید دور میں اگرچہ اے آئی کوڈنگ اسسٹنٹس ڈیولپرز کو کوڈ لکھنے اور اسے درست کرنے میں مدد دیتے ہیں لیکن اکثر اوقات یہ ہدایات کو سمجھنے میں غلطی کر دیتے ہیں۔ مائیکروسافٹ کا نیا فری ٹول اسکوپ اس پورے عمل کو ریکارڈ کرتا ہے کہ اے آئی نے ٹاسک کیسے مکمل کیا کون سے ٹولز استعمال کیے اور کون سی فائلیں بنائیں۔ اس ڈیٹا کی مدد سے ڈیولپرز آسانی سے کوڈنگ ٹولز کی خامیوں کو پکڑ سکتے ہیں اور اپنی ہدایات کو مزید بہتر بنا کر اے آئی کو دوبارہ ٹیسٹ کر سکتے ہیں۔
بہترین نتائج اور کارکردگی میں سو فیصد اضافہ
مائیکروسافٹ نے اس ٹول کو ایک سال سے زیادہ عرصے کی تحقیق کے بعد تیار کیا ہے۔ کمپنی کی اپنی ‘ایژور کاسموس ڈی بی’ (Azure Cosmos DB) ٹیم نے اسکوپ کا استعمال کر کے اپنے ڈویلپمنٹ ٹولز میں بیس (20) خامیاں اور دستاویزات میں ستائیس (27) غلطیاں پکڑیں۔ اس ٹول کے استعمال کے بعد ایک مخصوص ڈیٹا بیس فیچر کی کارکردگی اور درستی کی شرح سینتالیس فیصد سے بڑھ کر سو فیصد تک پہنچ گئی۔






