مشرقِ وسطیٰ میں جاری شدید جنگی بحران کے درمیان ایران نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف جنگ کے خاتمے، اسٹریٹجک اہمیت کی حامل عالمی تجارتی گزرگاہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور امن مذاکرات کی بحالی کے لیے سات سخت شرائط کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ ایران کی اعلٰی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری میجر جنرل محسن رضائی نے واشنگٹن پر زور دیا ہے کہ وہ تہران کے مطالبات کو فوری تسلیم کرے جبکہ انہوں نے وائٹ ہاؤس پر مذاکرات کے حوالے سے جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھیلانے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔
تہران کی جانب سے واشنگٹن کو بھیجی گئی 7 شرائط کی لسٹ
سفارتی ذرائع کے مطابق تہران نے یہ شرائط پہلی بار ستمبر میں قطری اور دیگر علاقائی ثالثوں کے ذریعے واشنگٹن کو ارسال کی تھیں۔ ایران کے مطالبات کی تفصیلی لسٹ درج ذیل ہے:
تمام محاذوں پر جنگ بندی: لبنان، غزہ اور یمن میں حامی تنظیموں کے خلاف جاری امریکی و اسرائیلی فوجی مہم کو فوری طور پر روکا جائے۔
منجمد اثاثوں کی بحالی: عالمی پابندیوں کے تحت مختلف غیر ملکی بینکوں میں روکے گئے ایرانی فنڈز کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔
بحری ناکہ بندی کا خاتمہ: ایران کے خلاف قائم اس بحری ناکہ بندی کو مکمل ختم کیا جائے جسے تہران غیر قانونی قرار دیتا ہے۔
اقتصادی پابندیوں کا خاتمہ: ایران کے خلاف عائد تمام معاشی اور سیاسی پابندیاں فی الفور ہٹائی جائیں۔
امریکی افواج کا انخلاء: مشرقِ وسطیٰ کے خطے سے تمام امریکی بحری اور فضائی افواج کو واپس بلایا جائے۔
جنگی نقصانات کا معاوضہ: جنگ کے نتیجے میں ایران کو پہنچنے والے مادی اور معاشی نقصانات کا پورا معاوضہ ادا کیا جائے۔
دھمکیوں اور توہین کا خاتمہ: ایرانی ریاست اور عوام کے خلاف سفارتی سطح پر دھمکیاں دینے اور توہین آمیز رویہ اپنانے کا سلسلہ بند کیا جائے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ان ساتوں شرائط کے اندر مزید ذیلی مطالبات بھی شامل ہیں، اور واشنگٹن کو مذاکرات کی میز پر آنے یا آبنائے ہرمز کا کنٹرول چھوڑنے سے پہلے ان تمام نکات پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔
واشنگٹن کا نامکمل ردِعمل اور آبنائے ہرمز کی صورتحال
سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک تند و تیز بیان میں میجر جنرل محسن رضائی نے دعویٰ کیا کہ اس جنگ نے امریکی انتظامیہ کو اندرونی طور پر ہلا کر رکھ دیا ہے اور وائٹ ہاؤس کا رویہ ایک ہارے ہوئے جواری جیسا ہو چکا ہے۔ انہوں نے امریکہ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ یہ وقت ایران کی ان سات شرائط کے سامنے سرنڈر ہو جانے کا ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق امریکہ نے ان شرائط پر اپنا ابتدائی جواب فراہم کیا ہے لیکن تہران نے اس جواب کو مبہم، ادھورا اور ناقابلِ قبول قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔ ایرانی فورسز نے واضح کیا ہے کہ جب تک ان کے تمام مطالبات کو مکمل طور پر تسلیم نہیں کیا جاتا تب تک عالمی تیل کی سپلائی کے لیے اہم ترین راستہ آبنائے ہرمز ایرانی کنٹرول میں ہی مکمل بند رہے گا۔ ایران اب سلطنتِ عمان کے ساتھ مل کر اس واٹر وے کے انتظام کے لیے نئے سیکیورٹی انتظامات وضع کر رہا ہے جو بیرونی مفادات کے بجائے خالصتاً خطے کے تحفظ کے لیے ہوں گے۔






