پاکستان اور روس کے درمیان سائنسی، خلائی اور معاشی تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے جس کے تحت روس کا پاکستان کو خلائی ٹیکنالوجی دینے کا اعلان سامنے آیا ہے۔ روسی وزیر توانائی سرگئی سولییو (Sergei Tsivilev) نے ماسکو میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ ماسکو زمین کے مشاہدے کی جدید ٹیکنالوجی پاکستان کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے مشترکہ ورکنگ گروپ نے خلائی تعاون سے متعلق دستاویزات کا مسودہ تیار کر لیا ہے جن پر دونوں ممالک کے سربراہان کی آئندہ ملاقات کے دوران باضابطہ دستخط کیے جائیں گے۔
سیٹلائٹ نیوی گیشن، مواصلات اور خلائی تحقیق میں اشتراک
روسی خبر رساں ایجنسی اسپوتنک کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے سرگئی سولییو نے سیٹلائٹ نیوی گیشن، کمیونیکیشنز، انسانی خلائی جہازوں کے آپریشنز اور ارتھ آبزرویشن کے شعبوں میں روس کی عالمی مہارت کا حوالہ دیا اور کہا کہ پاکستان اور روس خلائی تحقیق میں مل کر کام کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔
روس کا پاکستان کو خلائی ٹیکنالوجی دینے کا اعلان ایک ایسے تاریخی دن سامنے آیا ہے جب پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی زمین کے مدار میں سفر کرنے والے پہلے پاکستانی اور چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ میں داخل ہونے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بنے ہیں۔
پاکستان میں انسولین کی تیاری، آزاد تجارت اور 11 فیصد تجارتی اضافہ
خلائی ٹیکنالوجی کے علاوہ روسی وزیر توانائی نے دونوں ممالک کے درمیان معاشی و صنعتی شراکت داری کے درج ذیل بڑے منصوبوں کا بھی انکشاف کیا:
آزاد تجارتی معاہدہ : روس کی قیادت میں قائم یوریشین اکنامک یونین کے ساتھ پاکستان کے ممکنہ آزاد تجارتی معاہدے پر کام جاری ہے۔
انسولین کی مقامی پیداوار: روس پاکستان میں ذیابیطس کی دوا انسولین تیار کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے اور ملک کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے میں مدد کے لیے بھی تیار ہے۔
دوطرفہ تجارت میں اضافہ: سرگئی سولییو نے بتایا کہ پاک روس دوطرفہ تجارت میں 11 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ بین الحکومتی کمیشن کا اگلا اجلاس 2027 میں پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہوگا۔






