چیف جسٹس آف پاکستان نے ملک بھر کی خواتین کو عدالتی نظام اور انصاف تک آسان، محفوظ اور باوقار رسائی فراہم کرنے کے لیے ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے نیشنل انجینئرنگ سروسز پاکستان (NESPAK) کو چاروں صوبوں میں خواتین سہولت مراکز کا قیام فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان میں لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین کی حیثیت سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف جسٹس نے اس اہم منصوبے کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ابتدائی مرحلے میں ہر صوبے میں ایک، ایک مرکز قائم کیا جائے گا جس کے بعد اس کا دائرہ کار وفاقی دارالحکومت اسلام آباد تک بڑھایا جائے گا۔
ون ونڈو آپریشن اور جدید سہولیات کی فراہمی
مجوزہ سہولت مراکز مکمل طور پر ون ونڈو پلیٹ فارم کے طور پر کام کریں گے جہاں خواتین کو ایک ہی چھت تلے وہ تمام قانونی اور انتظامی خدمات میسر آئیں گی جن کے لیے انہیں پہلے مختلف دفاتر کے چکر لگانے پڑتے تھے۔ ان مراکز میں درج ذیل سہولیات فراہم کی جائیں گی:
قانونی مشاورت اور ثالثی: مفت قانونی رہنمائی، پرائیویٹ مشاورتی کمرے اور تنازعات کے متبادل حل (Mediation & ADR) کی سہولیات۔
نفسیاتی و سماجی معاونت: ذہنی دباؤ یا دیگر مسائل کا شکار خواتین کے لیے ماہرین کی نفسیاتی مدد اور ریفرل سروسز۔
بنیادی انفراسٹرکچر: استقبالیہ اور رہنمائی ڈیسک، آرام دہ انتظار گاہیں، صاف ستھرے واش رومز، معذور خواتین کے لیے خصوصی ریمپس اور ضرورت کے مطابق بچوں سے ملاقات کے لیے مخصوص جگہیں۔
عدالتی رکاوٹوں کا خاتمہ اور نیسپاک کو ٹاسک
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے واضح کیا کہ خواتین سہولت مراکز کا قیام 2026–27 کی عدالتی ترجیحات میں سرفہرست ہے جس کا مقصد ان عملی رکاوٹوں کو دور کرنا ہے جو خواتین کو اپنے قانونی حقوق حاصل کرنے سے روکتی ہیں جیسے کہ عدالتی طریقہ کار سے ناواقفیت، رازداری کی کمی اور قانونی مشورے کے حصول میں دشواری۔
اس منصوبے کے بہترین نقشے تیار کرنے کے لیے انسٹی ٹیوٹ آف آرکیٹیکٹس پاکستان (IAP) کے زیرِ اہتمام ایک آل پاکستان ڈیزائن مقابلہ بھی منعقد کیا گیا تھا جس کے تین جیتنے والے ڈیزائنز تمام ہائی کورٹس کے ساتھ شیئر کر دیے گئے ہیں۔ متعلقہ ہائی کورٹس سے مشاورت مکمل کر کے چاروں صوبوں میں پہلے چار مراکز کے لیے جگہوں کی نشاندہی بھی کر لی گئی ہے اور اب نیسپاک کو بروقت تکمیل کی ہدایت دے دی گئی ہے۔






