پاکستان کے محکمہ موسمیات (PMD) نے رمضان المبارک 1447 ہجری کے چاند کی رویت کے حوالے سے اہم بیان جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کل (18 فروری) خیبر پختونخوا (کے پی) کے میدانی علاقوں بشمول پشاور، سندھ اور بلوچستان کے کچھ حصوں میں چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل (29 شعبان) پشاور میں منعقد ہوگا تاکہ چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول کی جا سکیں۔
چاند کی عمر اور تکینکی تفصیلات
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ رمضان کے نئے چاند کی پیدائش 17 فروری کو شام 5:01 بجے ہو چکی ہے۔
عمر: 18 فروری کی شام کو چاند کی عمر 19 گھنٹے سے زیادہ ہوگی۔
افق پر قیام: چاند غروب آفتاب کے بعد تقریباً 35 منٹ تک افق پر موجود رہے گا، جس سے اس کے نظر آنے کے امکانات روشن ہیں۔
سپارکو (SUPARCO) کی پیشگوئی: پہلا روزہ کب ہوگا؟
خلائی تحقیق کے ادارے سپارکو نے بھی پیشگوئی کی ہے کہ رمضان کا چاند 18 فروری کو نظر آنے کا امکان ہے جس کے نتیجے میں پہلا روزہ 19 فروری 2026 (جمعرات) کو متوقع ہے۔
موسم کی صورتحال اور روزے کا دورانیہ
محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر انجم نذیر زیغم کے مطابق رمضان کے دوران مجموعی طور پر موسم خوشگوار رہے گا تاہم مارچ کے دوسرے ہفتے سے گرمی میں اضافہ شروع ہو جائے گا۔ پاکستان میں روزے کا دورانیہ تقریباً 12 سے 13 گھنٹے ہوگا جو مہینے کے آخر تک بتدریج بڑھتا جائے گا۔
18 فروری کو چاند نظر آنے کے اوقات (علاقائی ٹائمنگز)
محکمہ موسمیات نے مختلف علاقوں میں چاند کے افق پر موجود رہنے کے آخری اوقات جاری کیے ہیں:
| خطہ / صوبہ | چاند نظر آنے کا آخری وقت (شام) |
| سندھ | 07:24 بجے تک |
| بلوچستان | 07:47 بجے تک |
| خیبر پختونخوا (KP) | 07:13 بجے تک |
| پنجاب | 07:08 بجے تک |
| آزاد جموں و کشمیر (AJK) | 06:58 بجے تک |
| گلگت بلتستان (GB) | 06:53 بجے تک |
پاکستان میں پہلا روزہ 2026 کب متوقع ہے؟
محکمہ موسمیات اور سپارکو کی پیشگوئی کے مطابق پہلا روزہ 19 فروری 2026 کو ہونے کا قوی امکان ہے۔
کیا 18 فروری کو چاند نظر آنے کے امکانات ہیں؟
جی ہاں، چاند کی عمر 19 گھنٹے سے زائد ہے اور کے پی، سندھ اور بلوچستان میں مطلع صاف ہونے کی وجہ سے چاند نظر آنے کے اچھے امکانات ہیں۔
رمضان میں موسم کیسا رہے گا؟
رمضان کا آغاز خوشگوار موسم میں ہوگا لیکن مارچ کے دوسرے ہفتے سے موسم گرم ہونا شروع ہو جائے گا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کہاں ہوگا؟
مرکزی کمیٹی کا اجلاس پشاور میں منعقد ہوگا جبکہ زونل کمیٹیاں اپنے متعلقہ علاقوں میں اجلاس کریں گی۔






