ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے حوالے سے شائقین کی دلچسپی اس وقت اور بڑھ گئی ہے جب یہ رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ پاکستان اور بھارت ایک بار پھر گروپ اسٹیج میں آمنے سامنے ہوں گے۔ 2025 ایشیا کپ کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والا تہلکہ خیز مقابلہ بہت مشہور ہوا تھا لیکن اس کے باوجود اگلے سال کے میگا ایونٹ میں دونوں حریف ٹیموں کو ایک ہی گروپ میں رکھنے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے۔
بھارتی اور سری لنکن میڈیا کی تازہ رپورٹس کے مطابق آئی سی سی نے تقریباً گروپس اور ابتدائی شیڈول کو حتمی شکل دے دی ہے۔ ورلڈ کپ میں 20 ٹیمیں حصہ لیں گی جنہیں چار گروپس میں تقسیم کیا جائے گا اور ہر گروپ سے سرفہرست دو ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے میں جائیں گی۔ سپر ایٹ کے بعد سیمی فائنل ٹیمیوں کا فیصلہ ہوگا۔
سب سے زیادہ انتظار جس بات کا ہے وہ ہے پاکستان اور بھارت کا ٹکراؤ جو 15 فروری کو کولمبو میں ہونے کی امید ہے۔ اسی گروپ میں نیدرلینڈز، نمیبیا اور امریکا کو بھی شامل کیا جانے کا امکان ہے۔ کولمبو پہلے بھی دونوں ٹیموں کے اہم مقابلوں کی میزبانی کر چکا ہے اسی لیے اس میچ کا جوش پہلے ہی بہت زیادہ ہے۔
رپورٹس کے مطابق سری لنکا اور بھارت مشترکہ میزبان ہوں گے۔ بھارت میں میچز ممبئی، کولکتا، چنئی، دہلی اور احمد آباد جیسے بڑے شہروں میں ہوں گے جبکہ سری لنکا کولمبو اور کینڈی میں میزبانی کرے گا۔
ٹورنامنٹ 7 فروری سے 8 مارچ تک چلنے کا امکان ہے اور مکمل شیڈول 25 نومبر کو جاری کیا جائے گا۔
یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ پاکستان اپنے تمام گروپ میچز سری لنکا میں کھیلے گا تاکہ ماحول غیر جانبدار اور پرسکون رہے۔ ورلڈ کپ کا فائنل اس وقت احمد آباد میں رکھنے کا منصوبہ ہے لیکن اگر پاکستان فائنل میں پہنچ گیا تو مقام تبدیل کرکے کولمبو میں فائنل کرایا جائے گا۔ یہی اصول سیمی فائنل پر بھی لاگو ہوگا یعنی اگر پاکستان سمی فائنل میں جگہ بناتا ہے تو اس کا میچ سری لنکا منتقل کر دیا جائے گا۔
دیگر گروپس میں بھی مضبوط ٹیموں کی ممکنہ ترتیب سامنے آئی ہے۔ ایک گروپ میں سری لنکا، آسٹریلیا، زمبابوے، آئرلینڈ اور عمان شامل ہوسکتے ہیں۔ دوسرے گروپ میں انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، نیپال اور اٹلی کو رکھا جا سکتا ہے جبکہ چوتھے گروپ میں جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، افغانستان، یو اے ای اور کینیڈا شامل ہونے کا امکان ہے۔






