متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید آل نہیان کل سے پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔
وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ یہ اعلیٰ سطح کا دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ دونوں ممالک کے باہمی مفادات کے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مستحکم کرنے کے عزم کو بھی اجاگر کرتا ہے۔
اس سے قبل سندھ کے گورنر کامران خان ٹیسوری نے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزہبی کے ساتھ ایک ملاقات کی جس میں سفیر نے متحدہ عرب امارات کے ویزے پاکستان کےلیے بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔
متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے 100,000 شہریوں کے لیے ویزے جاری کرنے کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے کیونکہ دونوں ممالک اسلام آباد اور ابو ظہبی کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر نے اس منصوبے کے بارے میں کراچی میں متحدہ عرب امارات قونصل خانے اور ویزا سینٹر کے دورے کے دوران سندھ کے گورنر کامران خان ٹیسوری کو آگاہ کیا۔
سفیر عبید الزہبی نے ویزا پروگرام کی تفصیلات شیئر کیں جو پاکستانی شہریوں کے لیے کام، سیاحت اور کاروباری سفر کی سہولت فراہم کرے گا۔ یہ پروگرام پاکستان کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے جس کی خاص توجہ پاکستانیوں کے لیے متحدہ عرب امارات کے سفر کو آسان بنانا ہے۔