پاکستان تحریکِ انصاف پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ ملک کو راولپنڈی پولیس نے جمعہ کی رات گرفتار کر لیا ہے۔ ان کے ساتھ دو سیاسی کارکنان جن میں سمیر عباسی بھی شامل ہیں انہیں بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ان افراد کو گلزارِ قائد کے علاقے سے حراست میں لیا گیا اور بعد ازاں خواتین پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایک سینئر پولیس افسر نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ کارروائی ایک مقدمے کے سلسلے میں کی گئی ہے جس میں متعدد دفعات شامل ہیں۔ پولیس کی قانونی ٹیم اس وقت اس بات پر غور کر رہی ہے کہ عالیہ حمزہ کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے یا نہیں۔
یاد رہے کہ عالیہ حمزہ کو جنوری 2025 میں پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے پنجاب کی چیف آرگنائزر مقرر کیا تھا۔
ان کی گرفتاری اس وقت عمل میں آئی ہے جب انہوں نے جمعہ کے روز راولپنڈی میں فلسطین کے حق میں ایک پرامن احتجاج کا انعقاد کیا جس میں انہوں نے غزہ پر جاری جنگ کی مذمت کی تھی۔
ان کی گرفتاری پر پارٹی کارکنان اور عوامی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔