پاکستان کی اولمپک تاریخ میں کامیابیاں ایک طویل اور دلچسپ داستان ہے۔ پاکستان نے آزادی کے بعد پہلی بار 1948 کے لندن اولمپکس میں شرکت کی اور تب سے لے کر اب تک پاکستان نے اولمپک کھیلوں میں 11 تمغے جیتے ہیں۔ ان میں سے 3 گولڈ، 3 سلور اور 5 برانز میڈل شامل ہیں۔ ان تمغوں میں زیادہ تر کامیابیاں پاکستان کی ہاکی ٹیم کی طرف سے دیکھنے میں آئی ہیں لیکن پاکستان کے کچھ انفرادی کھلاڑیوں نے بھی اولمپک تاریخ میں اپنے نام درج کروائے ہیں۔
پاکستان کی اولمپک تمغوں کی مکمل فہرست
پاکستان کی اولمپک میں کامیابیاں زیادہ تر مردوں کی ہاکی ٹیم کی کارکردگی کی وجہ سے ہیں لیکن انفرادی کھلاڑیوں نے بھی اپنی بہترین پرفارمنس سے تاریخ رقم کی ہے۔ پاکستان نے اولمپکس میں جتنے بھی تمغے جیتے ہیں ان کی تفصیل درج ذیل ہے:
تمغہ | کھلاڑی / ٹیم | ایونٹ | اولمپکس |
---|---|---|---|
🥈 سلور | پاکستان ہاکی ٹیم | مردوں کی ہاکی | میلبورن 1956 |
🥇 گولڈ | پاکستان ہاکی ٹیم | مردوں کی ہاکی | روم 1960 |
🥉 برانز | محمد بشیر | ریسلنگ 73 کلوگرام | روم 1960 |
🥈 سلور | پاکستان ہاکی ٹیم | مردوں کی ہاکی | ٹوکیو 1964 |
🥇 گولڈ | پاکستان ہاکی ٹیم | مردوں کی ہاکی | میکسیکو 1968 |
🥈 سلور | پاکستان ہاکی ٹیم | مردوں کی ہاکی | میونخ 1972 |
🥉 برانز | پاکستان ہاکی ٹیم | مردوں کی ہاکی | مونٹریال 1976 |
🥇 گولڈ | پاکستان ہاکی ٹیم | مردوں کی ہاکی | لاس اینجلس 1984 |
🥉 برانز | حسین شاہ | مڈل ویٹ باکسنگ | سیول 1988 |
🥉 برانز | پاکستان ہاکی ٹیم | مردوں کی ہاکی | بارسلونا 1992 |
🥇 گولڈ | ارشد ندیم | جیولن تھرو (ایتھلیٹکس) | پیرس 2024 |
اولمپکس میں پاکستان کی ہاکی ٹیم
پاکستان کی ہاکی ٹیم نے اولمپکس میں سب سے زیادہ تمغے جیتے ہیں۔ پاکستان نے 3 گولڈ، 3 سلور اور 2 برانز میڈلز جیتے ہیں جن میں سے سب سے پہلی کامیابی 1956 میں میلبورن اولمپکس میں حاصل ہوئی جب پاکستان نے سلور میڈل جیتا۔ اس کے بعد پاکستان نے 1960 کے روم اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتا اور ہاکی میں بھارتی تسلط کو ختم کیا۔ اس کے بعد پاکستان نے 1964، 1968، 1972، 1976، 1984 اور 1992 کے اولمپکس میں بھی کامیابیاں حاصل کیں ۔ جن میں سے 1968 میں میکسیکو اولمپکس میں پاکستان نے ایک اور گولڈ میڈل جیتا۔
پاکستان کی ہاکی ٹیم کا سب سے شاندار دور 1960-1984 کے درمیان رہا جب پاکستان نے چار گولڈ میڈلز جیتے تھے ۔
پاکستان کا ہاکی کھیل میں ہمیشہ سے ایک خاص مقام رہا ہے۔ پاکستان کی ہاکی ٹیم نے اولمپکس میں 1950 سے لے کر 1980 تک ایک شاندار تسلسل قائم رکھا اور ان سالوں میں پاکستان نے 5 اولمپک تمغے جیتے جن میں 3 گولڈ شامل ہیں۔ 1984 کے لاس اینجلس اولمپکس میں پاکستان نے گولڈ میڈل حاصل کیا تھا لیکن اس کے بعد ہاکی ٹیم کی کارکردگی میں کمی دیکھنے کو ملی اور ٹیم نے 1992 کے بعد کوئی بڑا اولمپک میڈل حاصل نہیں کیا۔
پاکستان کے اولمپکس انفرادی میڈلز
پاکستان کے اولمپک تمغوں کی کہانی صرف ہاکی تک محدود نہیں ہے۔ محمد بشیر نے 1960 کے روم اولمپکس میں ریسلنگ میں برانز میڈل جیتا اور اولمپک میں انفرادی تمغہ جیتنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بنے۔
اس کے بعد حسین شاہ نے 1988 کے سیول اولمپکس میں مڈل ویٹ باکسنگ میں برانز میڈل جیتا جو کہ پاکستان کا دوسرا انفرادی میڈل تھا۔
سب سے حالیہ انفرادی کامیابی ارشد ندیم نے حاصل کی ہے۔ پیرس 2024 اولمپکس میں ارشد ندیم نے جیولن تھرو ایونٹ میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا پہلا انفرادی اولمپک چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیاہے۔ ارشد نے 92.97 میٹر کی تھرو کے ساتھ نہ صرف گولڈ میڈل جیتا ہے بلکہ اولمپک ریکارڈ بھی قائم کیا ہے۔ یہ پاکستان کا پہلا میڈل تھا جو ایتھلیٹکس کے شعبے میں حاصل کیا گیا۔
یہ میڈل پاکستان کےلیے ایک تاریخی لمحہ تھا۔
یہ بھی پڑھیں : اولمپکس 2024 جیتنے والے ارشد ندیم کے بارے میں جانئے