آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے چانسلر کے عہدے کے لیے نامزد امیدواروں میں عمران خان کا نام شامل نہیں ہے۔ ان کا نام خارج کئے جانے کی ممکنہ وجوہات ان کے سابقہ سیاسی بیانات اور طالبان کے حوالے سے متنازعہ موقف ہے جس کی وجہ سے آکسفورڈ یونیورسٹی کے بعض حلقے اور میڈیا ان کی نامزدگی کو یونیورسٹی کی روایات اور اقدار کے خلاف سمجھتے تھے۔
عمران خان کے ناقدین نے ان پر خواتین کے حقوق اور طالبان کی حمایت سے متعلق الزامات لگائے ہیں جنہوں نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ وہ اس عہدے کے لیے مناسب نہیں ہیں۔ ان کی سابقہ تقاریر اور بیانات، خاص طور پر خواتین کے لباس سے متعلق ان کے خیالات اور اسامہ بن لادن کو “شہید” قرار دینے پر بھی کڑی تنقید کی گئی۔
اس کے علاوہ، عمران خان کو آکسفورڈ کے اس عہدے پر ان کی پاکستانی سیاست میں متنازعہ پوزیشن کی وجہ سے بھی مخالفین نے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
اس کے ساتھ ہی، عمران خان کے بارے میں جھوٹے دعوے بھی گردش کر رہے ہیں کہ انہیں بریڈفورڈ یونیورسٹی سے “غیر مناسب رویے” کی بنیاد پر چانسلر کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا اور بریڈفورڈ یونیورسٹی نے آکسفورڈ کو ان کے خلاف خط لکھا تھا۔ تاہم، بریڈفورڈ یونیورسٹی نے ان تمام دعووں کی تردید کی اور وضاحت کی ہے کہ عمران خان نے اپنی مدت پوری ہونے کے بعد عہدہ چھوڑا تھا۔