حیدرآباد میں مقیم نیورولوجسٹ ڈاکٹر سدھیر کمار نے کہا ہے کہ ہفتے میں ایک بار بھی ورزش کرنا جسمانی سرگرمی نہ کرنے سے بہتر ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس سابقہ ٹویٹر پر ‘حیدرآباد ڈاکٹر’ کے نام سے مشہور ڈاکٹر نے یہ بات سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک حالیہ تحقیق کے ساتھ بتائی ہے جس میں انہوں نے لوگوں کو صرف ہفتے میں ایک دفعہ ورزش کرنے کے فوائد کے بارے میں بتایا ہے۔
موت کا خطرہ کم ہو جاتا ہے
انہوں نے بتایا کہ بی ایم جے جریدے میں شائع ہونے والی یہ تحقیق تقریباً دو دہائیوں تک ڈیڈھ لاکھ سے زیادہ بالغوں پر کی گئی۔ نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ جو لوگ ہفتے میں ایک یا دو بار ورزش کرتے ہیں ان میں موت کا خطرہ 15 فیصد کم ہوتا ہے۔ تاہم، یہ فائدہ تب ہو گا جب ورزش کے سیشن کا دورانیہ کم از کم 30 سے60 منٹ ہو گا۔
نتائج کے مطابق مصروف افراد بھی ہفتہ میں ایک یا دو دفعہ ورزش کی سرگرمی کر کے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہفتے میں ایک بار بھی ورزش کرنا ورزش نہ کرنے سے بہتر ہے۔ تاہم اس بات کو یقینی بنائیں کہ ورزش کا سیشن 30 سے 60 منٹ کا ہو۔
ہفتے میں کتنی دیر ورزش کرنی چاہیے؟
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کی تجویز ہے کہ ہفتے بھر میں کم از کم 150 منٹ کی ورزش ہونی چاہیے۔