پی ٹی آئی کی مریم نواز، ثناء اللہ اور دیگر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست دائر
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آج منگل کو مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ سمیت دیگر کے خلاف فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے اندراج کے لیے درخواست دائر کردی ہے۔
سیشن کورٹ میں مریم، ثناء اللہ، پنجاب کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) عثمان انور، لاہور کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) صدیق کامیانہ اور دیگر کے خلاف تھانہ ریس کورس میں ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست دائر کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں | پنجاب پولیس اب برابر کا جواب دے گی، محسن نقوی کی پی ٹی آئی کارکنان کو وارننگ
یہ بھی پڑھیں | عمران خان کا اپنی رہائش گاہ میں آپریشن کرنے والے ہر آفیسر کے خلاف قانونی کاروائی کرنے کا اعلان
تھانہ صدر کا ایف آئی ار کے اندراج سے انکار
تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر نے ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد درخواست گزار نے عدالت میں دفعہ 22 اے اور 22 بی کے تحت درخواست دائر کردی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئی جی پنجاب نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی زمان پارک رہائش گاہ پر پولیس آپریشن مریم اور ثناء اللہ کے حکم پر کیا۔ اس میں کہا گیا کہ چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔
عدالت سے مقدمہ کے اندراج کی درخواست
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پولیس کو واقعے پر مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی گئی تھی لیکن اس نے ایسا کرنے سے انکار کردیا تھا۔ عدالت سے استدعا کی گئی کہ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں اور پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔
یاد رہے کہ ہفتے کے روز پنجاب پولیس نے لاہور میں پی ٹی آئی کے سربراہ کے گھر پر دھاوا بول دیا تھا۔ عمران خان کے عدالت میں پیشی کے لیے اسلام آباد روانہ ہونے کے فوراً بعد زمان پارک کے اندر ‘سرپرائز’ سرچ آپریشن شروع کرنے کے لیے تمام رکاوٹیں اور دروازے توڑ دئیے تھے۔