کراچی کے علاقے صدر میں کل ہونے والے دھماکے کی ذمہ داری کالعدم سندھودیش ریوولیوشنری آرمی (ایس آر اے) نے قبول کر لی ہے۔ واقعے کی ابتدائی رپورٹ بھی تیار کرلی گئی ہے۔
گزشتہ رات صدر کے علاقے داؤد پوٹا روڈ پر بم دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے۔ کالعدم سندھودیش ریولوشنری آرمی (ایس آر اے) نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ ۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ دھماکہ خیز مواد سائیکل میں نصب تھا۔ دھماکے میں تقریباً ڈھائی کلو بارودی مواد تھا اور زیادہ تر بال بیرنگ استعمال کیے گئے تھے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق دھماکا رات 10 بج کر 52 منٹ پر ہوا۔ ویڈیو میں کوسٹ گارڈ کی گاڑی کے قریب آتے ہی زور دار دھماکہ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں | جامعہ کراچی: عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیوز کس نے وائرل کیں؟
ڈی آئی جی ساؤتھ نے تصدیق کی ہے کہ دھماکہ خیز مواد سائیکل میں نصب کیا گیا تھا اور دھماکے کا نشانہ کوئی ادارہ یا کوئی مخصوص گاڑی نہیں تھی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی دھماکے میں ایک شخص کے جاں بحق اور 13 کے زخمی ہونے پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔