ناران کاغان سے متعلق کورونا وائرس کی موجودگی کی مختلف خبریں سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا پر زیر گردش ہیں۔ اس حوالے سے عوامی حلقے میں یہ تاثر پایا گیا ہے کہ شاید ناران کاغان کے سب ہوٹلز کو سیل کر دیا گیا ہے اور مزید کسی قسم کی سیاحت کی اجازت نہیں ہے۔
کاغان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد آصف نے اس حوالے سے وضاحتی بیان جاری کیا ہے اور کہا یے کہ ناران کاغان کے تمام سیاحتی مقامات بدستور کھلے ہیں اور کسی قسم کی کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر قسم کے سیاح ناران کاغان بلا خوب آ سکتے ہیں، کسی قسم کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
سوشل میڈیا پر زیر گردش کورونا پازیٹو کیسز اور ہوٹل سیل کرنے کے نوٹیفیکیشن متعلق مانسہرہ میں ڈی جی کے ڈی اے محمد آصف نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ کاغان میں ہونے والی کورونا سیمپلنگ روٹین کی تھی۔ شوگران اور ناران کے علاقوں میں 600 سے زائد ہوٹلز ہیں جن میں سے صرف 10 ہوٹلز کو سمارٹ لاک ڈاؤن کے مطابق سیل کیا گیا جبکہ ان ہوٹلز کو بھی اب کھول دیا گیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہر قسم کے سیاح احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے ان سیاحتی مقامات میں آ سکتے ہیِں۔