ایک تو طرف سادگی اور سرکاری خرچے کم کرنے کا دعوی تو دوسری طرف صرف غسل خانے کی تزئین و آرائش پر 25 ہزار ڈالر کا خرچہ، نیویارک میں قائم اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کی سرکاری رہائش گاہ کے باتھ روم کی تزئین و آرائش کے لئے وزارت خارجہ پاکستان کی جانب سے 25 ہزار ڈالر جو تقریبا 42 لاکھ روپے بنتے ہیں، جاری کر دئیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق باخبر زرائع نے بتایا ہے کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کی رہائش گاہ کی تزئین و آرائش کے لئے پہلے ہی سرکاری خزانے سے 50 ہزار ڈالرز لگائے جا چکے ہیں جو کہ سفارتخانے کے اکاؤنٹ سے ادا کئے گئے ہیں۔ اس مقصد کے لئے 2 لاکھ 25 ہزار ڈالرز قومی خزانے سے مختص کئے جا چکے ہیں جبکہ اب اضافی طور پر صرف غسل خانے کی تزئین و آرائش کے لئے 25 ہزار ڈالر خرچ کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔
زرائع کے مطابق 24 جون 2020 کو وزارت خارجہ کی جانب سے مستقل مندوب کو جاری ہونے ایک خط میں لکھا ہے کہ: سیکٹری خارجہ کی جانب سے 25 ہزار ڈالر کی منظوری دے دی گئی ہے جبکہ اس رقم کو مستقل مندوب کے باتھ روم کی تزئین و آرائش کے لئے استعمال کیا جائے گا۔
زرائع کے مطابق جس باتھ روم کی تزئین و آرائش کے لئے 35 ہزار ڈالر کی خطیر رقم دی گئی ہے اس کی ہحالت پہلے بھی اچھی ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نیویارک میں مقیم ہیں جبکہ ان کے پاس نیو یارک کے باہر رہائش گاہ تھی۔ سرکاری رہائش گاہ کی تعمیر و ترقی کے لئے سرکاری خزانے سے 2 لاکھ 25 ہزار ڈالر کی رقم دی گئی جو کہ باتھ روم کی تزئین و آرائش کے لئے ملنے والی رقم سے علیحدہ ہے۔
ایک باتھ روم کی تزئین و آرائش پر ایسے شاہانہ خرچے وزیر اعظم عمران خان کی سادگی کے دعووں اور سرکاری خرچے کم کرنے کی کفایت شعار پالیسی پر سوالیہ نشان ہیں۔ وزیر اعظم ہاؤس کے پرتعیش کمروں اور ہالز کو ماضی میں ٹی وی پر دکھایا جا چکا ہے تاکہ عوام کو خبر ہو کہ ان کے ٹیکس کے پیسے کہاں لگ رہے ہیں لیکن اب صرف ایک باتھ روم کی تزئین و آرائش کے لئے 42 لاکھ روپے کا لگانا شاید سادگی کے ہی زمرے میں آتا ہے۔