جمعہ 19 اپریل 2025 کی صبح پاکستان کے مختلف علاقوں میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کے باعث لوگ خوفزدہ ہو کر عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی اور یہ زلزلہ افغانستان تاجکستان پاکستان کی سرحدی پٹی میں صبح 11:47 بجے (پاکستانی وقت) ریکارڈ کیا گیا ہے۔ زلزلے کی گہرائی تقریباً 94 کلومیٹر تھی جو زمین پر اثر کو نسبتاً کم کرنے میں مددگار رہی مگر جھٹکے واضح طور پر محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، پشاور، سیالکوٹ، چنیوٹ، سوات، ایبٹ آباد، چترال، باجوڑ، مردان، نوشہرہ اور گلگت بلتستان سمیت کئی علاقوں میں محسوس کیے گئے ہیں ۔ ایک ٹوئٹر صارف نے ابتدائی رپورٹ میں لکھا:
گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور شیخوپورہ کے شہریوں نے یا تو جھٹکے محسوس نہیں کیے یا بہت ہلکے محسوس کیے ہیں لیکن اسلام آباد اور راولپنڈی میں جھٹکے کافی واضح تھے جہاں لوگ گھبرا کر کلمہ پڑھتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے ہیں۔ لاہور میں بھی لوگوں نے کھڑکیوں اور فرنیچر کے ہلنے کی اطلاع دی جب کہ پشاور کے رہائشیوں نے بھی جھٹکوں کو شدید قرار دیا۔
تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی مگر ریسکیو ادارے الرٹ پر ہیں۔ حکام نے عوام سے گزارش کی ہے کہ وہ ممکنہ آفٹر شاکس کے لیے محتاط رہیں اور صرف سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔