پاکستان اور یورپی یونین نے سمارٹ زراعت، اقتصادی ترقی، پائیدار انفراسٹرکچر، ٹیکنیکل اور پروفیشنل تعلیم، ماحولیاتی اور گرین ترقی، ڈیجیٹل تبدیلی اور صحت کے شعبوں میں کثیر جہتی ترقیاتی تعاون کے ایجنڈے پر اتفاق کیا ہے۔
دونوں فریقوں کے درمیان اتفاق رائے بدھ کو وزارت اقتصادی امور میں پاکستان-یورپی یونین کے مشترکہ کمیشن برائے ترقیاتی تعاون کے ذیلی گروپ کے اجلاس کے دوران ہوا۔
اجلاس کی صدارت اسلام زیب نے کی
اجلاس کی صدارت برسلز میں یورپی کمیشن میں جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا کے یونٹ کے نائب سربراہ ایان ہوسکنز اور وزارت اقتصادی امور کے جوائنٹ سیکرٹری اسلام زیب نے کی۔
یہ بھی پڑھیں | سینیٹ ٹرانسجینڈر ایکٹ پر ضرورت کے تحت قانونی ماہرین اور علماء سے رائے لے گا، صادق سنجرانی
یہ بھی پڑھیں | سعودی عرب سے امدادی جہاز کراچی پہنچ گیا
ملاقات کے دوران دونوں اطراف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستانی عوام کی مجموعی ترقی کے لیے اپنے تعاون کو مزید گہرا کرنے کا عزم کیا۔
یورپی یونین پاکستان کی معاونت کرے گی
اجلاس کو بتایا گیا کہ یورپی یونین اپنے ملٹی انڈیکیٹیو پروگرام کے تحت پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی میں معاونت کرے گی اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے منصوبے کو اس کے ساتھ ملایا جائے گا۔
اسلام زیب نے یورپی یونین کی طرف سے حمایت کے اظہار کا خیر مقدم کیا۔ اسلام زیب نے کہا کہ ہم حالیہ سیلاب کے تناظر میں فوری مدد کے لیے یورپی یونین کے شکر گزار ہیں۔
اجلاس میں سالانہ ایکشن پلان پر عملدرآمد، سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی اور تعمیر نو اور پاکستان میں یورپی یونین کے فنڈز سے چلنے والے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔